سمعیہ قلندرانی کی نماز جنازہ ادا کی گئی، تربت میں سپرد خاک
تربت (انتخاب نیوز) سمعیہ قلندرانی تربت میں سپرد خاک۔ بلوچ لبریشن آرمی کے فدائین خاتون حملہ آور کو آج تربت میں سپرد خاک کردیا گیا۔ تربت میں ہفتے کو فورسز کے ایک خصوصی قافلے کو خودکش حملے میں نشانہ بنانے والی بلوچ لبریشن آرمی کی خاتون حملہ آور سمعیہ قلندرانی کی نماز جنازہ دشتی بازار کے قبرستان میں ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ آل پارٹیز کیچ کے سابق کنوینر اور جمعیت علماءاسلام کے صوبائی نائب امیر خالد ولید سیفی نے پڑھائی۔ نماز جنازہ میں جماعت اسلامی کیچ کے امیر اور آل پارٹیز کیچ کے کنوینر غلام یاسین بلوچ، پیپلز پارٹی کے رہنما حاجی قدیر احمد، تربت سول سوسائٹی کے کنوینر گلزار دوست سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ خیال رہے کہ ہفتے کی دوپہر چاکر اعظم چوک تربت میں ایک خاتون بمبار نے خفیہ اداروں کے ایک قافلے کو نشانہ بنایا تھا۔ حملے کی ذمہ داری مسلح تنظیم بی ایل اے نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ بی ایل اے مجید بریگیڈ کی فدائی سمعیہ قلندرانی بلوچ نے سرانجام دیا ہے۔