خضدار پریس کلب کے سینئر رکن پر مسلح افراد کی فائرنگ، محمد خان ساسولی محفوظ رہے
خضدار (این این آئی)خضدار پریس کلب کے سینئر صحافی سابق فنانس سیکرٹری محمد خان ساسولی پر قاتلانہ حملہ وہ معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ حملہ آوروں نے ان کو نشانہ بنانے کی کوشش کی اور متعدد فائر ان پر کئے جو گاڑی میں جالگیں۔ محمد خان ساسولی جمعہ کی شب بازار سے گھر اپنی گاڑی میں جارہے تھے کہ ان کے گھر سے چند میٹر فاصلے پر سونیجی روڈ پر موٹرسائیکل سواروں نے ان پر فائر کھول دیا فائر ان کی گاڑی میں جالگے اور ان کی گاڑی کا ٹائر برسٹ ہوا فائرنگ کے بعد حملہ آور با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ بعد ازاں پولیس اور سیکورٹی اہلکار موقع پر پہنچ گئے ایس ایس پی خضدار فہد خان کھوسہ ایس ایچ او خضدار سٹی عبداللہ پندرانی ایس ایچ او خضدار صدر تھانہ عطاءاللہ جاموٹ ڈسٹرکٹ انچارج سی آئی اے مقبول احمد موسیانی خضدار پریس کلب کے سابق صدر منیرنور گرگناڑی سابق صدر عبداللہ شاہوانی موقع پر پہنچ گئے۔ دریں اثناءپولیس جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور شواہداکٹھے کئے۔


