بلوچستان نیشنل پارٹی کی کال پر صوبے بھر میں پہیہ جام ہڑتال، مرکزی شاہراہیں بند، کارکنان کے احتجاجی کیمپ اور دھرنے

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان نیشنل پارٹی کی کال پر بلوچستان بھر میں پہیہ جام ہڑتال، صوبے بھر میں بی این پی کارکنان نے احتجاجاً شاہراہیں بند کردیں اور دھرنا دیا۔ وڈھ میں مسلح جتھوں، قبضہ گیری اور بے امنی کیخلاف بی این پی کی کال پر بلوچستان بھر میں شاہراہیں احتجاجاً بند کردی گئیں، بلوچستان بھر میں بی این پی کارکنان نے مرکزی شاہراہوں پر دھرنا دیکر ٹریفک معطل کردی۔ بی این پی کی کال پر بلوچستان بھر حب، خاران، دالبندین، پنجگور، خضدار، مستونگ، قلات، نوشکی، واشک، یک مچ، لسبیلہ، اوتھل، اوستہ محمد، سبی، کوہلو اور دیگر شہروں میں مرکزی شاہراہوں کو بند کردیا گیا اور کارکنان کی جانب سے شاہراہوں پر احتجاجی کیمپ لگا کر دھرنے دیے گئے۔ تاہم اس دوران کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی۔ شاہراہوں کی بندش کے باعث ٹریفک کی روانی معطل رہی، گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں، شدید گرمی میں سیکڑوں مسافر پھنس گئے۔ بی این پی ترجمان بشیر احمد مینگل کے مطابق ایمرجنسی طور پر آنے والے لوگوں اور ایمبولینس کیلئے ہم نے راستہ کھلا رکھا تھا اور انہیں جانے کی اجازت دی گئی تھی تاکہ وہ اپنی منزل و مقام تک وقت پر پہنچ سکیں۔ بعد ازاں آٹھ گھنٹے بعد بی این پی کی مرکزی کال پر کامیاب پہیہ جام ہڑتال کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے اور شاہراہوں کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔ اس موقع پر بی این پی کے رہنماﺅں نے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سردار اخترجان مینگل بلوچ قوم کے قائد اور لیڈر ہیں، وڈھ کے حالات کو خراب کرنے کی کسی کو ہرگز اجازت نہیں دیں گے، وڈھ مسئلے کو قبائلی مسئلہ قرار دینا قطعی طور پر درست نہیں، بلوچ لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے آواز بلند کرنے، قومی وسائل پر دسترس اور بلوچ حق حاکمیت کےلئے جدوجہد کی پاداش میں بی این پی کے قائد سردار اختر مینگل کے گرد گھیرا تنگ کیا جارہا ہے، ریاستی ڈیتھ اسکواڈ کے کرتوتوں سے پورا بلوچستان واقف ہے، صوبے کی بے امنی میں ان کا بڑا ہاتھ ہے، حکمران ایسے عناصر کی سرپرستی کرکے جان بوجھ کر حالات خراب کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔ وڈھ میں نام نہاد قبائلی شخصیت کو معصوم و بے گناہ لوگوں کو قتل، اغوا برائے تاوان، چوری اور ڈکیتی کی مکمل طور پر چھوٹ دی گئی ہے۔ بی این پی مظالم کیخلاف سیسہ پلائی دیوار بنی ہوئی ہے، قومی حقوق کی جدوجہد سے ہر گز دستبردار نہیں ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں