کوئٹہ میں عیدالاضحی گزرنے کے باوجود آلائشیں نہیں اٹھائی جاسکیں، تعفن سے امراض پھیلنے کا خطرہ ہے، ایوان صنعت و تجارت
کوئٹہ (این این آئی) ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے سنیئر نائب صدر حاجی آغا گل خلجی نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں صفائی کی ناقص صورتحال اور مختلف علاقوں میں آلائشوں کی بھر مار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سلسلے میں میٹرو پولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے حکام کے دعوے محض دعوے ہی ہیں کیونکہ زمینی حقائق بالکل اس کے برعکس ہیں۔ گزشتہ روز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ میں بزنس کمیونٹی کے افراد سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے مختلف نواحی اور وسطی علاقوں میں صفائی کی صورتحال ناگفتہ بہ ہو چکی ہے ہر سوں کچرے کے ڈھیر نظر آتے ہیں اگر ایڈمنسٹریٹر اور ان کی ٹیم کو یقین نہیں آتا تو ہم انہیں شہر کے ان علاقوں کا وزٹ کرانے کےلئے تیار ہیں جہاں صفائی کی خراب صورتحال نے اہلیان علاقہ کی زندگی اجیرن بنا دی ہے،انہوں نے کہا کہ پہلے شہر کے نواحی علاقوں میں صفائی کی صورتحال خراب رہتی مگر اب شہر کے وسطی اور وی آئی پی علاقوں میں بھی کچروں کے ڈھیر، بند سیوریج لائنیں شہریوں کی زندگی میں مشکلات کا موجب بن رہے ہیں انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے نواحی علاقوں پشتون آباد،عالمو چوک،خروٹ آباد،دیبہ،ترخہ،ہدہ حتیٰ کہ وسطی علاقوں سرکلر روڈ،سورج گنج بازار،جوائنٹ روڈ،سرکی روڈ و دیگر میں بھی صفائی کی صورتحال انتہائی مخدوش ہو چکی ہے انہوں نے کہا کہ ایک طرف صفائی کی صورتحال سب کے سامنے ہے دوسری جانب مختلف علاقوں میں عیدالاضحیٰ کے بعد آلائشوں کی وجہ سے تعفن نے اہلیان شہر کی زندگی دوبھر کر دی ہے جو مایوس کن ہے انہوں نے کہا کہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے حکام کے شہر میں صفائی سے متعلق بیانات زمینی حقائق کے بالکل برعکس ہے اگر میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے حکام چاہے تو ہم ان کی رہنمائی اور ان علاقوں کی نشاندھی کےلئے تیار ہیں جہاں صورتحال زیادہ خراب ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے حکام شہر میں صفائی کی خراب صورتحال کا نوٹس لیکر اقدامات اٹھائے تاکہ شہریوں کو مزید پریشانی اور ذہنی کوفت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔


