قرآن پاک کی بے حرمتی، اقوام متحدہ، یورپی یونین اور سویڈن ملزم کو قرار واقعی سزا دلائیں، مسیحی برادری کا مطالبہ

کوئٹہ (آن لائن)بشپ خالد رحمت نے کہاہے کہ سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی اور نذرآتش کرنا ناقابل معافی اور گھنا¶ناجرم ہے اقوام متحدہ ،یورپی یونین اورسوئیڈن واقعہ میں ملوث ملزم کو قرار واقعی سزا دلائیں تاکہ آئندہ اس قسم کے واقعات رونما نہ ہوں ،سوئیڈن قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ پرسرکاری طور پر مسلمانوں سے معافی مانگے۔ یہ بات انہوں نے پاسٹر صائمن بشیر اور فادر عنایت گل کے ہمراہ جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔بشپ خالد رحمت نے کہاکہ سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی ناقابل قبول گستاخانہ عمل ہے آزادی اظہار رائے کے نام پر کسی عقیدے کی مقدس کتاب کی بے حرمتی قابل مذمت ہے مسیحی قوم ،فادر صاحبان ،اہلیان کلیسیا قرآن پاک کی بے حرمتی اور نذرآتش کرنے کی پرزور مذمت کرتی ہے اور اس غم اوردکھ کی گھڑی میں اپنے مسلمانوں بھائیوں سے ہمدردی کااظہار کرتی ہے اوراس دلخراش اور تکلیف دہ واقعہ پر انکے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سوئیڈن میں پیش آنے والے واقعہ پر پوری مسیحی کمیونٹی رنجیدہ ہے کوئی بھی مذہب دوسرے مذہب کی مقدس کتابوں اور ہستیوں کی بے حرمتی کی اجازت نہیں دیتا قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے والے کسی بھی طرح رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ کی ہرسطح پرمذمت کی جارہی ہے مسیحوں کے مذہبی پیشوا پوپ نے بھی کھل کر اس واقعہ کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ منفی ذہنیت کی حامل قوتیں ایسے واقعات کے ذریعے دنیاکے امن کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں سوئیڈن سمیت دیگر سیکولرممالک میں نہ صرف قرآن پاک بلکہ دیگرمذاہب کی بھی توہین کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوئیڈن کے عوام اگر یہ سمجھتے ہیں کہ وہ پڑھے لکھے ہیں لیکن وہ تہذیب یافتہ نہیں ہیں انہیں تہذیب یافتہ ہوناچاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں بشپ خالد رحمت نے کہاکہ اقوام متحدہ ، یورپی یونین اور عالمی دنیا کو چاہئے کہ وہ سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی اور نذرآتش کرنے والے ملزم کو سزادلانے میں اپنا کردارادا کریں اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے عالمی قوانین بنائے جائے جس میں کسی بھی مذہب کی مقدس ہستیوں اور کتابوں کی توہین کرنے والوں کو سزدی جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں