آئی ایم ایف ٹیم کی چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات، عمران خان نے بروقت انتخابات کی ضمانت مانگ لی
لاہور (انتخاب نیوز) آئی ایم ایف ٹیم کے زمان پارک میں ہوئے مذاکرات میں تحریک انصاف کی جانب سے رکھی گئی شرط سامنے آگئی۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف سے اسٹینڈ بائی ایگریمنٹ کی حمایت کے بدلے بروقت الیکشن کی ضمانت مانگی۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی نے آئی ایم وفد سے سوال کیا کہ آپ اس بات کی کیا ضمانت دیتے ہیں کہ ملک میں انتخابات وقت پر ہوں گے؟ جس پر آئی ایم ایف کی ٹیم نے جواب دیا کہ پروگرام اسی طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ الیکشن وقت پر ہوں مگر ضمانت نہیں دے سکتے۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف چیف ناتھن پورٹر کی سربراہی میں مذاکرات کرنے والی ٹیم نے بتایا کہ 9 ماہ کے اسٹینڈ بائی پروگرام میں ایک ارب ڈالر پی ڈی ایم حکومت، ایک ارب ڈالر نگران حکومت اور ایک ارب ڈالر الیکشن کے بعد بننے والی اگلی حکومت کو ملیں گے مگر اس کے باوجود آئی ایم ایف الیکشن وقت پر ہونے کی ضمانت نہیں دے سکتا اور نہ ہی ا یک حد سے زیادہ سیاسی معاملات میں دخل اندازی کرسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کے ڈائریکٹرز 12 جولائی کی میٹنگ میں اپنا نقطہ نظر رکھیں گے، ایگزیکٹو بورڈ کا پاکستان کی سیاسی معاملات سے متعلق موقف کیا ہوگا؟ اس حوالے سے پیشگوئی نہیں کرسکتے۔


