کیچ میں ماسٹر عزیز میموریل ایجوکیشنل فیسٹیول کا اختتام، خواتین و نوجوانوں کی کثیر تعداد میں شرکت
کیچ (انتخاب نیوز) کیچ کے علاقے ہیرونک میں ہیرونک ایجوکیشنل کمیٹی کے تحت ماسٹر عزیز میموریل ایجوکیشنل فیسٹیول کا کامیابی سے اختتام۔ فیسٹیول میں کافی تعداد میں علاقے کی خواتین و نوجوانوں نے حصہ لیا۔ علاقے کے عوام کی جانب سے نوجوانوں کی طرف سے ایجوکیشنل فیسٹیول کے قیام پر کافی خوشی و جوش و جذبے کا اظہار کیا گیا اور مستقبل میں بھی ایسے علمی و ادبی پروگرام ہونے کی امید ظاہر کی۔ ہیرونک ایجوکیشنل کمیٹی کے تحت ہونے والے پروگرام میں مختلف سیگمنٹ شامل تھے، جس میں ایک پینل ڈسکشن تھا جس کا عنوان تعلیم کی اہمیت تھا، اس پر بات کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اس وقت جدید تعلیم اور علوم حاصل کرکے بطور قوم ہم ترقی کرسکتے ہیں، اس کے لیے استاد اور نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ روایتی تعلیم کے بجائے جدید دور کے تقاضوں کے مطابق تعلیم حاصل کرنے پر اپنی توجہ مرکوز کریں جس پر کام کرکے ہم حالیہ دور کے تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگ ہوسکتے ہیں۔ پینل ڈسکشن کے ساتھ ساتھ پروگرام میں کتب اسٹال بھی لگایا گیا جس میں بلوچ تاریخ، ادب و سیاست سمیت مختلف کتابیں رکھی گئیں، عوام اور خاص کر نوجوانوں نے بڑھ چڑھ کر کتابیں خریدیں۔ کتب اسٹال کے علاوہ مشاعرے کا بھی ایک سیگمنٹ شامل تھا جس میں علاقے کے ابھرتے ہوئے شعراءنے اپنے شعر پڑھے اور شرکاءسے داد وصول کیں۔ مشاعرے کے علاوہ پروگرام میں ڈرامہ، بلوچی چاپ اور ٹیبلو بھی شامل تھا، جہاں نوجوانوں و طالب علموں نے اپنے فن دکھائے۔ پروگرام کے آخر میں پرفارم کرنے والے طالب علموں کو کتابیں دی گئیں۔ علاقے کے نوجوانوں نے پروگرام پر کافی خوشی کا اظہار کیا اور آنے والے دنوں میں مزید ایسے علمی پروگرام رکھنے کی امید ظاہر ک اور ان کی اہمیت و افادیت پر بات کی۔


