ژوب چھاﺅنی پر تخریب کاروں کا حملہ، گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی واقعے کی مذمت
کوئٹہ (آن لائن) گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ژوب گیریژن پر تخریب کاروں کے حملے کے نتیجے میں سیکورٹی اہلکاروں کی اموات اور زخمی ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، اپنے مذمتی بیان میں گورنر بلوچستان اور وزیراعلیٰ نے شہدا کے ورثا کے ساتھ تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ گورنر بلوچستان نے شہدا کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے تمام صوبائی ادارں کو حملہ آور تخریب کاروں کیخلاف کارروائی میں فوج کو معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی جبکہ وزیراعلیٰ نے اے ٹی ایف اور لیویز کیو آر ایف فوری طور پر ژوب بھجوانے کی ہدایت بھی کی۔ وزیراعلیٰ کی جانب سے پی ڈی ایم اے کو بھی خصوصی ٹیمیں ژوب بھجوانے کی ہدایت کی گئی ہے۔


