لوا حقین کوٹہ پر خلاف ضابطہ بھرتیوں کو روکا جائے، متحدہ لیبر فیڈریشن
کوئٹہ (این این آئی) متحدہ لیبر فیڈریشن کے صوبائی صدر علی بخش جمالی نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے مطالبہ کیا ہے کہ لواحقین کوٹہ پر ہونے والی خلاف ضابطہ بھرتیوں کو روکا جائے بصورت دیگر ہم صوبے بھر میں احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو کریم بخش جاموٹ، محمد زمان کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان اور ایس اینڈ جی اے ڈی کے احکامات کی کھلم کھلا دھجیاں اُڑاتے ہوئے لواحقین کوٹہ کو پامال کرکے اپنے آقاﺅں اور وزراءکو خوش کرنے کے لئے مختلف ڈویژنز میں پرانی تاریخوں پر بھرتیاں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں لواحقین کوٹہ پر یتیم بچوں کو بھرتی کرنے کے بجائے اپنے افسران کو خوش کرنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان، چیف سیکرٹری بلوچستان سے مطالبہ کہ یتیم بچوں کی پوسٹوں پر خلاف ضابطہ ہونے والی بھرتیوں کو روکا جائے۔


