پنجاب کے تمام حلقوں سے لیگی امیدوار کھڑے کریں گے،سیٹ ایڈجسٹمنٹ محدودحد تک ہوگی ،رانا ثناء اللہ

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پنجاب کے تمام حلقوں سے لیگی امیدوار کھڑے کریں گے،سیٹ ایڈجسٹمنٹ محدودحد تک ہوگی ، امید ہے اس مرتبہ سازش نہیں ہوگی۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ن لیگ پنجاب میں انتخابی مہم شروع کرنے جا رہی ہے، 297 صوبائی اور 146 حلقوں سے انتخاب لڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ دشمن ملک ہم سے معاشی طور پر طاقتور ہے، نواز شریف نے ملک سے بجلی کی لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا مگر ایک شخص نے ملکی سیاست میں زہر بھرا اور نوجوانوں کو گمراہ کیا۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ایک شخص نے ترقی کرتے ملک کو واپس پیچھے دھکیل دیا، چار سال تک ملک کی ترقی کا سفر روکا گیا، اس فتنے نے ملکی دفاع پر بھی حملہ کیا۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے دوبارہ ملک کی باگ ڈوور سنبھالی اور شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو بحران سے نکالا، ملک کے ڈیفالٹ ہونے کا خدشہ تھا لیکن اب ہم محفوظ ہیں۔انہوںنے کہا کہ ہم گالم گلوچ کی سیاست کا خاتمہ، ملک میں قانون و انصاف کی بالادستی کے لئے کام کریں گے، ہم نفرت پر نہیں بلکہ ملک کے استحکام اور ترقی پر یقین رکھتے ہیں۔ایک سوال پروفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پنجاب کے تمام حلقوں سے لیگی امیدوار کھڑے کریں گے، صوبے میں سیٹ ایڈجسمنٹ محدودحد تک ہوگی، اپنے کارکنان کو مایوس نہیں کریں گے۔رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث گروہ کے خلاف کارروائی انتقامی کارروائی نہیں، شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے اور قاسم کے ابو نے کچھ کیا ہے تو قاسم جانے اس کے ابو جانیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں