خیبرپختونخوا: ایم پی اے عائشہ بانو کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا

پشاور: خیبرپختونخوا اراکین اسمبلی میں کورونا وائرس تیزی سے پھیلنے لگا، اسپیکر مشتاق غنی کے بعد ایم پی اے عائشہ بانو کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔

ذرائع کے مطابق اپنے بیان میں ایم پی اے عائشہ بانو نے کہا کہ طبعیت کی ناسازی کے باعث ٹیسٹ کرایا جو مثبت آیا ہے جس کے بعد میں نے خود کو گھر پر قرنطینہ کرلیا ہے۔

عائشہ بانو نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت اور دعاوں کی بھی اپیل کی۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے۔ مسلم لیگ ن پاکستان کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

اس سے قبل مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال، شاہد خاقان عباسی، طاہرہ اورنگزیب اور مریم اورنگزیب کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آ چکا ہے اور تمام رہنماؤں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔

اس سے پہلے وزیر ریلوے شیخ رشید سمیت کئی اراکین اسمبلی میں کورونا ٹیسٹ کی تصدیق ہوئی تھی۔ سینیٹر ثنا جمالی اور متحدہ قومی موومنٹ کے ایم این اے اُسامہ قادری نے بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کورونا کو شکست دے کر صحت یاب ہوچکے ہیں۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل، سینیٹر مرزا محمد آفریدی، رہنما مسلم لیگ ن خواجہ سلمان رفیق بھی صحت یاب ہو گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں