آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی تہران میں سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں
تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے 2 روزہ دورے میں ایرانی سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کی ایران کی عسکری قیادت سے ملاقاتیں ہوئیں جس میں سرحدی علاقوں میں تخریب کاری کے خاتمے کیلئے مو¿ثر تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ پاک ایران فوجی سربراہان نے اتفاق کیا کہ تخریب کاری خطے اور دونوں ممالک کیلئے مشترکہ خطرہ ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ملکوں کی عسکری قیادت نے انٹیلی جنس شیئرنگ آپریشن کے ذریعے تخریب کاری کے خاتمے کے عزم کا اظہار کیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہ سے بھی ملاقات کی جن میں علاقائی امن کیلئے پاکستان ایران دوطرفہ تعلقات کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف کو ایرانی افواج کے دستے نے ملٹری ہیڈکوارٹرز میں گارڈ آف آنر پیش کیا۔


