استحکام پاکستان پارٹی کا منشور تیار ،اہم نکات سامنے آ گئے
لاہور(صباح نیوز)استحکام پاکستان پارٹی(آئی پی پی) کا منشور تیار کر لیا گیا۔ ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لئے اہم نکات سامنے آگئے۔ اسلامی معاشرے کا قیام، تحفظ ختم نبوتۖ، ناموس رسالتۖ اور مدارس کو قومی دھارے میں شامل کرنا منشور میں شامل ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق، پاکستان میں ان کی جائیدادوں کے تحفظ اورانصاف کی فراہمی بھی منشور میں شامل ہے۔ آئی پی پی کے چیئرمین سردار جہانگیر خان ترین اور پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے منشور کی منظوری دے دی ہے۔ حکومت میں آنے کی صور ت میں قوم کے ساتھ جو وعدے کئے گئے ہیں اس کے اہم نکات میں ساڑھے12ایکڑتک زمین کے کاشتکاروں کو بجلی مفت فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے، مزدور کی کم ازکم تنخواہ50ہزار روپے مقرر کرنے کے عزم کااظہار کیا گیاہے، لازمی انشورنس اور شہریوں کو 300یونٹ تک بجلی مفت فراہم کرنے کا وعدہ بھی کیا گیا ہے۔ کچی آبادیوں کے لئے مالکانہ حقوق اور شہریوں کے لئے اپارٹمنٹ بلڈنگز کی صورت میں کم لاگت رہائشی منصوبے شروع کرنے کا بھی وعدہ کیا گیا ہے۔ موٹر سائکل سواروں کو آدھی قیمت پر پٹرول فراہم کرنے کا وعدہ بھی منشور میں کیا گیا ۔ ایئرکنڈیشنڈ پبلک ٹرانسپورٹ، بزرگ شہریوں ، خواتین اور طالب علموں کے لئے مفت سفری سہولتیں فراہم کرنے کا بھی منشور میں وعدہ کیا گیا۔


