بلوچستان اسمبلی تحلیل کرنے کی تاریخ اور نگران وزیراعلیٰ کیلئے کئی ناموں کی افواہیں زیر گردش
کوئٹہ (این این آئی) بلوچستان میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اسمبلی تحلیل کرنے کی تاریخ اور نگران وزیراعلیٰ پر مشاورت کا باضابطہ آغاز ہونے سے قبل ہی وزیراعلیٰ کے لئے کئی ناموں کی افواہیں زیر گردش۔ حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان اور اپوزیشن کے اراکین کے درمیان گزشتہ دنوں ملاقات ضرور ہوئی ہے لیکن اب تک دونوں جانب سے نہ تو اسمبلی تحلیل ہونے کی تاریخ اور نہ ہی وزیراعلیٰ کے لئے کسی نام پر مشاورت کی گئی ہے ۔آئین کے آرٹیکل 224کے مطابق صوبے میں اسمبلی کی تحلیل سے قبل وزیراعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان مشاورت ہوگی تاہم اسمبلی تحلیل ہونے کے تین دن بعد تک پر اگر کسی ایک نام پر اتفاق نہ ہوسکا توآئین کے آرٹیکل 224Aکے تحت وزیراعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر اسپیکر بلوچستان اسمبلی کی جانب سے بنائی جانے والی چھ رکنی پارلیمانی کمیٹی جس میں حکومت اور اپوزیشن کے تین،تین ارکان شامل ہونگے کو نگران وزیراعلیٰ کے لئے دو، دو نام تجویز کریں گے کمیٹی وزیراعلی کے نام پر اتفاق رائے سے فیصلہ کریگی تاہم اگر پارلیمانی کمیٹی بھی تین روز میں فیصلہ نہیں کر پائی تو معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس جائے گا جو چاروں نام جو حکومت اور اپوزیشن نے تجویز کئے تھے میں سے کسی ایک امیدوار کا نام وزیراعلیٰ کے لئے دو روز میں فائنل کریگا نگران وزیراعلی کی تقرری کا نوٹیفکیشن گورنر کی جانب سے جاری کیا جائےگا۔آرٹیکلA 224کے تحت جب تک نگراں وزیراعلیٰ تعینات نہیں ہوتا اس وقت تک موجودہ وزیراعلیٰ ہی بطور وزیراعلیٰ کام کرتا رہے گا۔ذرائع کے مطابق حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بہترین ورکنگ ریلیشن ہے جس سے امید ہے کہ نگران وزیراعلیٰ کا نام باہمی اتفاق سے ہی طے کرلیا جائے گا تاہم اب تک دونوں جانب سے ایک دوسرے سے اس حوالے سے کسی بھی قسم کا باضابطہ رابطہ نہیں کیا گیا ۔ذرائع کے مطابق نگراں سیٹ اپ کے نام پر مشاورت 25جولائی کے بعد متوقع ہے۔


