پنجگور میں میر اسد بلوچ کے گھر گرنیڈ حملہ قابل مذمت ہے، انتہائی اقدام پر مجبور نہ کیا جائے، بی این پی عوامی
کوئٹہ (آن لائن )بلوچستان نیشنل پارٹی(عوامی )کے مرکزی سیکر ٹری جنرل سعید فیض بلوچ اور سیکر ٹری اطلاعات ڈاکٹر ناشناس لہڑی نے پارٹی سربراہ صوبائی راجی راہشون میر اسدللہ بلوچ کے گھر پر گزشتہ شب دستی بم حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کرکے ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لاکر قرار واقعی سزا دے اگر مطالبہ پر عمل درآمد نہ کیا گیا تو آج سے صوبہ بھر میں احتجاج شروع کیا جائیگا، بلوچستان بھر میں پریس کلبوں کے سامنے احتجاجی مظاہرے کئے جائینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں دیگر عہدیداروں کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا اُن کا کہنا تھا کہ راجی راہشون میر اسد اللہ بلوچ ایک قومی لیڈر ہے جس نے ہمیشہ نچلی سطح سے سیاست کا آغاز کرکے اس مقام پر پہنچے ہیں جو بغیر کسی خوف و خطرے کے بلوچستان کے عوام کے حقوق کے حصول اور علاقے میں امن کی برملا بات کرتے ہیں اس لئے انہیں اس موقف سے ہٹانے اور قومی سیاست سے دور کرنے کیلئے 2013سے لیکر اب تک متعدد بار حملے کرکے انہیں اس قومی فریضے سے ہٹانے کی ناکام کوششیں کی گئی ہیں راجی راہشون کے جانثار جیالے اُن کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور اُنکی آئینی جمہوری اور سیاسی جدوجہد کے ساتھ ہر موقع پر موجود ہیں انہیں اس موقف سے ہٹایا نہیں جاسکتا انہوں نے کہا کہ گزشتہ شب ایک بار پھر اُنکے گھر پر دستی بم سے حملہ کیا گیا جس سے معجزانہ طور پر کوئی نقصان نہیں ہوا جسکی ہم مذمت کرتے ہیں ،بی این پی ایک جمہوری سیاسی جماعت ہے جس نے روز اول سے جمہوریت اور آئین کی بالادستی کی بات کی ہے پنجگور سمیت بلو چستان بھر میں امن قائم کر نے کے لئے بی این پی (عوامی)نے لازوال قر بانیاں دی ہیںاور بہت سی مشکلات کا سامنا بھی کیا ہے لیکن پھر بھی اپنے کارکنوں کو منفی سوچ کی جانب گامزن نہیں ہونے دیا کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ میر اسد اللہ بلوچ کے گھر پر ہو نے والے حملے کی مذمت کر تے ہوئے آج سے صوبے بھر میں پریس کلبز کے سامنے احتجاجی مظاہرے ، پریس کانفرنسز کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں انہوں نے وڈھ واقعے کی مذ مت کر تے ہوئے کہا کہ ریاست امن وامان کی صورتحال بر قرار رکھنے کے لئے ماں کا کردار ادا کرے۔ ہماری جماعت ایک جمہوری جماعت ہے ہم کسی بھی صورت اپنا جمہوری مورچہ نہیں چھوڑیں گے ، ہماری خواہش ہے کہ صوبے بھر میں امن و امان کی فضاقائم ہو ہم تمام قوتوں کو واضح کرنا چاہتے ہیں کہ و ہ ایسے منفی ہتھکنڈوں کے ذریعے ہمیں ڈرا نہیں سکتے اور نہ ہی جماعت سمیت راجی راہشون اور اُسکے علاقوں جیالوں کو اس قومی مشن سے پیچھے ہٹا سکتے ہیں ہمارے خلاف جو حربے استعمال کئے جارہے ہیں اس کا مقصد آنیوالے الیکشن سے قبل ایسا ماحول پیدا کرکے ہمیں دیوار کے ساتھ لگانا چاہتے ہیں جس میں انہیں ہر محاذ پر ناکامی کا منہ دیکھنا پڑیگاکیونکہ ہماری جماعت محکوم اور مظلوم کی جدو جہد کر تی رہی ہے اور ہمیشہ کر تی رہے گی ۔ میر اسد اللہ بلوچ کی قیادت میں پنجگور میں ایسے ترقیاتی کام ہو ئے جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔ انہوں نے علاقے کے لوگوں کو جدید تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے زرعی کالج ،لاءکالج اور 45کلو میٹر طویل دو رویہ شاہراہ کا قیام سمیت دیگر ترقیاتی کاموں کے متعدد منصوبے مکمل کروائے ہیں جس سے آج بھی پنجگور کے لوگ مستفید ہورہے ہیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 2013کے الیکشن میں بھی ہمارے مینڈیٹ کو چرایا گیا اور 2018کے انتخابات میں بھی 3دن تک ہمارے نتائج کو روکنے کی کوشش کی گئی ہزاروں کی تعداد میں اپنے ورکروں کے ہمراہ راجی راہشون تین دن تک سراپا احتجاج رہے ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے اپنا کر دار ادا کرے تاکہ صوبے میں امن کی بحالی ممکن بنائی جاسکے۔


