اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں پیش آنے واقعہ پر بننے والی کمیٹی اپنا کام کررہی ہے، گورنرپنجاب

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)گورنر پنجاب انجینئر میاں محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں پیش آنے واقعہ کے حوالے سے حکومت پنجاب کی اعلیٰ سطح کی کمیٹی جس میں ڈی آئی جیز اورسینئر پولیس افسران شامل ہیں وہ اس وقت بہاولپورمیں کام کررہی ہے، اس کے علاوہ ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)کی اعلیٰ سطح کی کمیٹی جس میں 7ماہرین تعلیم شامل ہیں وہ بھی اس پر کام کررہی ہے، جیسے ہی رپورٹ آئے گی اس کو بھی شیئر کیا جائے گا۔ بدقسمتی سے یہ سارے واقعات اس وقت رونما ہوئے جب سابق وائس چانسلر کا وقت مکمل ہورہا تھا اوروہ گزشتہ روز اپنے عہدے سے سبکدوش ہو گئے جبکہ نئے وائس چانسلر نے آج اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیاہے، میں ان کے لئے نیک خواہشات کااظہار کرتا ہوں۔ تعلیم کے اوپر کسی بھی طرح کا کمپرومائز نہیں ، ہمارے بچے اور بچیاں ہمارامستقبل ہیں۔ان خیالات کااظہار انجینئر میاں بلغ الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گورنر پنجاب میاںبلغ الرحمان نے کہا کہ آج کل سوشل میڈیا کا دور ہے اوروہاں پر سنسنی خیزی زیادہ پیدا ہوتی ہے، واقعہ چھوٹا ہوتا پھر بھی اہم تھا لیکن اس کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنا اوردائیں بائیں کی ویڈیوز لگا کر اوراس کے اوپر نام لگانا یہ قابل گرفت ہے اورجولوگ ایسا کریں گے وہ یقیناً گرفت میں آئیں گے ، یہ افسوسناک بات ہے جو چیزیں شروع میں سامنے آئی تھیں لیکن جب تک اس کی مکمل تحقیق نہیں ہوجاتی میں اس پوزیشن میں نہیں ہوں کہ اس معاملہ پر کوئی حتمی رائے دے سکوں۔ ایک سوال پر گورنر پنجاب نے کہا کہ نگران سیٹ اپ کے حوالے سے طریقہ کار یہ ہے کہ دونوں طرف سے نام آتے ہیں اور اس میں سوچ بچار کرکے اتفاق رائے پیدا کیا جاتا ہے،ماضی میں ایسی شخصیات بھی رہیں جو سیاستدان تھے یا سینئر سیاستدان تھے اوران پر سب کا اعتماد تھا، شخصیت وہ ہونی چاہیے جس پر سب کااعتماد ہو۔ نگران سیٹ اپ کا مطلب ہی یہی ہوتا ہے کہ ایک نیوٹرل سیٹ اپ آئے ، میں امید کرتا ہوں کہ جو بھی مل جل کر فیصلہ کیا جائے گااس میں اجتماعی دانش کااظہار ہو گا اوراس میں اچھے نتائج آئیں گے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اس وقت حکومت کا سب سے بڑا چیلنج ملک کوڈیفالٹ سے بچانا تھا،آج نہ صرف اس میں کامیابی سے آگے چلے ہیں، پاکستان کو اللہ تعالیٰ کے کرم اورمحبت سے دیوالیہ ہونے سے بچالیا گیا ہے، نوجوانوں پر دوبارہ سرمایاکاری شروع ہوئی ہے جو کہ آج کے مقابلہ میں 2018میں کہیں زیادہ تھی،اللہ تعالیٰ نے اگرموجودہ حکومت کو دوبارہ موقع دیا تواس سرمایہ کاری کو بہت بڑھایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں