برمش کیس، ملوث کرداروں کو بچانے کی کوشش کی گئی تو دوبارہ سڑکوں پر نکلیں گے، آل پارٹیز کیچ
تربت:آل پارٹیز کیچ کا اجلاس کنوینیر خالد ولید سیفی کے زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں اتحاد کے جملہ نمائندگان شریک رہے، اجلاس نے بعض علاقائی و قومی ایشوز پر بحث کرتے ہوئے اس ضمن میں متعدد اہم فیصلے کیئے گئے، اجلاس نے برمش کیس پر بحث کرتے ہوئے کہا کہ برمش کیس پر ہماری کڑی نگاہ ہے اور ہم ایک مرتبہ پھر اس عہد کا اعادہ کرتے ہیں کہ اگر آل پارٹیز نے جب بھی یہ محسوس کیا کہ برمش کیس میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں کیئے جارہے اور ملوث کرداروں کو بچانے کی کوشش ہورہی ہے تو آل پارٹیز کیچ اپنے عوام کے ساتھ ایک مرتبہ پھر سڑکوں اور چوراہوں پر احتجاج منظم کرتے ہوئے دکھائی دے گی، اجلاس نے کیسکو کے عوام دشمن رویے اور اقدامات پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مکران کے اس قیامت خیز گرمی میں کیسکو نے اپنی عوام دشمن پالیسیوں سے مکران کو جہنم نظیر بنادیا ہے، کیسکو مکران کا انتظامی سربراہ ڈکٹیٹر کا روپ دھار کر انسان دشمنی کے مرتکب ہورہے ہیں، اجلاس نے کہا کہ ہم غیر قانونی بجلی کے حصول کی وکالت نہیں کرتے بلکہ اس ضمن میں اپنے عوام سے بھی اپیل کرتے رہے ہیں کہ وہ قانونی بجلی کے حصول کی راہ اپنائیں مگر کیسکو انتظامیہ کا یہ منطق نہ صرف سمجھ سے بالاتر ہے بلکہ عوام دشمنی کی سوچ کا مظہر بھی ہے کہ وہ اس قیامت خیز گرمی میں پورے علاقوں اور محلوں کی بجلی کی ترسیل منقطع کردیتے ہیں، اگر کوئی صارف باقاعدگی سے بل جمع بھی کررہا ہے تو اس کے ساتھ وہی رویہ اپنایا جاتا ہے جو غیر قانونی طور پر بجلی حاصل کررہا ہے، اجلاس نے اس امر کو محسوس کیا کہ کیسکو انتظامیہ ایک خاص ایجنڈے کے تحت بلوچ دشمن اقدامات میں مصروف ہے جسے یہاں کے باشعور فرزند کسی صورت قبول کرنے کو تیار نہیں، اجلاس نے فیصلہ کیا کہ گوادر اور پنجگور کے آل پارٹیز کے ساتھ ملکر مکران سطح پر کیسکو کے عوام دشمن روّیوں کے خلاف احتجاجی تحریک منظم کی جائے گی، اجلاس نے کرونا وائرس کے ضمن میں ناقص حکومتی اقدامات پر صوبائی اور وفاقی حکومتوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کے جان و مال کو تحفظ دینے میں ناکام ثابت ہوئی ہے، پانچ مہینہ گزرنے کے بعد حکومت مکران ڈویژن کے ہیڈکوارٹر میں ٹیسٹنگ کی سہولت فراہم کرنے میں ناکام ہوئی ہے جو کہ ان کے عوام کے ساتھ عدم دلچسپی کا واضع ثبوت ہے، اجلاس نے مطالبہ کیا کہ تربت میں روزانہ کی بنیاد پر سیمپل لیکر ٹسٹ کیئے جائیں، ٹیچنگ ہسپتال تربت میں جدید طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ بہتر انداز میں کرونا مریضوں کا علاج ممکن ہوسکے، اجلاس میں اپنے عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ کرونا وائرس کے حوالے سے سنجیدہ اور ذمہ دارانہ کردار اپناکر بھرپور انداز میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور اس عوام دشمن حکومت کے آسرے اور انتظار میں نہ بیٹھیں، اجلاس نے کیچ کے 114 برطرف اساتذہ کے ضمن میں موقف اختیار کیا کہ یہ محکمہ تعلیم کے سابقہ علاقائی منتظمین اور صوبائی حکومت کی انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بنے، عوام کو روزگار فراہم کرنے کی بجائے حکومت عوام کو نان شبینہ کی محتاج بنارہی ہے جو زیادتی اور ظلم ہے، اجلاس نے برطرف اساتذہ کے موقف کی تاہید و حمایت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ان کو بحال کرکے انصاف کے تقاضے پورے کیئے جائیں، اجلاس نے آن لائن کلاسز کے معاملہ پر کیچ کے طلبہ و طالبات کے موقف و احتجاج کی تاہید و حمایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے ساتھ ایک سنگین مذاق کے مترادف ہے کہ جہاں پر انٹرنیٹ کی سہولت سرے سے وجود نہیں رکھتی وہاں آن لائن کلاسز شروع کی گئی ہیں، اجلاس نے مطالبہ کیا کہ کیچ میں 4G پر عائد غیر اعلانیہ پابندی ختم کی جائے تاکہ ہمارے اسٹوڈنٹس کو آن لائن کلاسز سے استفادہ حاصل کرنے کا موقع میسر آسکے، اجلاس میں اتحاد کے ضابطہ اخلاق پر بحث کرتے ہوئے متعدد نکات پر اتفاق رائے پیدا کرکے ان کی منظوری لی گئی جبکہ کچھ نکات پر بحث اگلے اجلاس تک ملتوی کیا گیا۔


