وفاقی سیکرٹری مواصلات و چیئرمین این ایچ کا دورہ بلوچستان، سیلابی صورتحال کا جائزہ

کوئٹہ (انتخاب نیوز) وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود کی ہدایات پر وفاقی سیکرٹری مواصلات و چیئرمین این ایچ اے بلوچستان کے دورے پر ہیں۔ حالیہ بارشوں کے نتیجے میں بلوچستان میں اس وقت سیلابی صورتحال ہے۔چیئرمین این ایچ اے کو بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ مقامات پنجرہ پل، حب پل، وانگو، قلعہ سیف اللہ، خضدار اور دوسرے علاقوں میں سیلاب کے دوران روڈ انفرا اسٹرکچر بارے بریفنگ دی گئی۔ انہیں مزید بتایا گیا کہ حب دریا پر زیر تعمیر پل کاکام سیلابی پانی سے متاثر ہوا ہے، اس لئے وہاں پانی اترنے تک کام روک دیا گیا ہے نیز وہاں سے گزرنے والی ٹریفک کو دو متبادل راستوں حب بائی پاس اور حب شہر سے کراچی ناردرن بائی پاس براستہ دوریجی کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔اس موقع پر انہو ں نے سیلاب سے متاثرہ پنجرہ پل اور دیگر مقامات کا دورہ بھی کیا۔ بلوچستان میں این ایچ اے کے حکام، عملہ اور مشینری روڈ نیٹ ورک کو بحال رکھنے کے لئے متحرک ہے۔ اس موقع پر چیئرمین این ایچ اے نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پلوں اور شاہراہوں سے سیلابی پانی اترتے ہی ٹریفک کے لیے بحال کیا جائے اور عوام الناس کے مفادات کو ہر ممکن حد تک ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے این ایچ اے روڈنیٹ ورک کو بحال رکھا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مون سون کے موسم میں کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار رہیں۔صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ رابطے اور تعاون برقرار رکھا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں