میرانی ڈیم میں پانی کی سطح بلند، کیچ کور کے سیلابی ریلے ڈیم میں گرنے سے مزید اضافہ متوقع

تربت (آن لائن) حالیہ بارشوں کے باعث میرانی ڈیم میں دریائے نہنگ اور کیلکور ندی سے آنے والے ریلوں کے نتیجے میں 244.22 فٹ پانی جمع ہوگیا ہے جبکہ آج دوپہر سے ڈیم کے اسپل وے سے 231 کیوسک پانی کا اخراج شروع ہوگیا ہے۔ایکسیئن ایری گیشن میرانی ڈیم رضا صمد کے مطابق آج شام یا رات تک کیچ کور کے سیلابی ریلے میرانی ڈیم میں گرنے کی توقع ہے اس سے پانی کی سطح مزید بلند ہوسکتی ہے۔رضا صمد کے مطابق ڈیم میں اسپل وے سے پانی کا اخراج 244 فٹ پر پہنچنے کے بعد شروع ہوگی جو آج دوپہر اس سطح کو کراس کرگیا اور اس وقت 0.22 فٹ پانی کی نکاسی اسپل وے کے ذریعے بیک سائیڈ پر ہورہی ہے۔ڈیلی ایگل کیچ سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک ڈیم کی صورت حال مکمل طور پر نارمل ہے جبکہ آج شام یا رات تک اگر کیچ کور سے پانی کے ریلے ڈیم میں آنا شروع ہوئے تو پانی کے لیول کاکچھ بڑھنے کے امکانات موجود ہیں تاہم اس کے باوجود بھی ڈیم کی پوزیشن مکمل نارمل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں