کربلا کا واقعہ ہمیں اپنے اندر ایثار، قربانی، تحمل اور برداشت کا جذبہ پیدا کرنے کا درس دیتا ہے، میر قدوس بزنجو
کوئٹہ(آن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے عاشورہ محرم کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ ان کے خاندان اور رفقا کار کی دین اسلام کی بقا اور سربلندی کے لئے دی جانے والی قربانیاں اسلام کا ایک روشن باب ہیں اور ان قربانیوں کو رہتی دنیا تک فراموش نہیں کیا جا سکتا تمام امت مسلمہ کے لیے اسلام کی سربلندی کے لیے دی جانے والی یہ قربانیاں مشعل راہ ہیں انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اپنے اندر ایثار ،قربانی تحمل اور برداشت کا جذبہ پیدا کریں اور اپنے اندر بحیثیت سچے مسلمان فرقہ وارانہ ہم آہنگی بھائی چارے اور یکجہتی کے جذبات کو فروغ دیتے ہوئے اپنے قول و عمل سے خود کو بہترین مسلمان ثابت کریں وزیراعلیٰ نے کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور ان کےساتھیوں نے تعداد میں کم ہونے کے باوجود یزید کی طاقت کے سامنے سر جھکانے سے انکار کیا اورشہدائے کربلا نے حق کی راہ میں جان دینے کو ترجیح دی یہ حق اور باطل کی جنگ تھی جس میں فتح حق کو حاصل ہوئی وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہدائے کربلا کی قربانیوں کے نتیجے میں دین اسلام کی سربلندی ہوئی اور باطل قوتوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا اسلام کی خاطر دی جانے والی یہ عظیم قربانیاں شدت و انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے تمام امت مسلمہ کے لیے ایک رول ماڈل ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت کا تقاضا ہے کہ تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے مابین اتحاد بین المسلمین کے جذبے کو فروغ دیا جائے اور تمام تخریب کار عناصر کیخلاف اپنی صفوں میں مکمل اتحاد برقرار رکھا جائے اس کے لیے تمام مکاتب فکر کے علما کرام کو بنیادی کردار ادا کرتے ہوئے معاشرے کی صحیح سمت میں رہنمائی کرنی ہوگی وزیراعلیٰ نے تمام متعلقہ محکموں کو عاشور محرم کہ جلوسوں کو مکمل اور فول پروف سیکورٹی فراہم کرنی کی ہدایت کی ہے۔


