یہ انتہا پسندی روک تھام بل نہیں تحریک انصاف پر پابندی کا بل ہے، مشتاق احمد
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سینیٹ میں انتہا پسندی روک تھام بل پیش کرنے سے متعلق سینیٹر مشتاق احمد خان نے تندوتیز بیان دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان تحریک انصاف پر پابندی لگانے کا بل ہے۔جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق خان نے مزید کہا کہ انتہاپسندی روک تھام بل بہت خطرناک ہے۔ اس سے انتہا پسندی ختم ہونے کی بجائے مزید بڑھے گی۔ حکومت کے تیور بتا رہے ہیں کہ وہ اس بل پر بحث کی بھی اجازت نہیں دے گی اور نہ ہی کمیٹی میں بھیجنے کا اقدام کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بل کے سیکشن 5 اور سیکشن 6 ڈریکونین ہیں۔ کسی سیاسی جماعت کو جبر سے ختم کرنے کی کوشش غلط ہے۔ اس بل سے الیکشن میں تمام سیاسی جماعتوں اور قیادت کو یکساں میدان ملنا مشکوک ہو جاتا ہے۔ اس بل سے انتخابات کا صاف شفاف انعقاد بھی مشکوک ہو جاتا ہے۔ حکومت اس بل کو لازمی کمیٹی میں بھیجے اور قواعد و ضوابط پامال نہ کرے۔ پارلیمنٹ کو ربڑ سٹیمپ، انگوٹھا چھاپ اور بے کار نہ بنائیں۔ اس بل کے نتائج جہوریت، سیاست، پارلیمنٹ ، میڈیا کی آزادی اور عوام کے حق حکمرانی کیلئے خطرناک ہوں گے۔ آج پی ٹی آئی تو کل پی ڈی ایم کی باری ہو گی۔


