تحریک انصاف کا 14 اگست بھرپور طریقے سے منانے کا اعلان

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف نے 14 اگست بھرپور طریقے سے منانے کا اعلان کردیا، عمران خان کی قیادت میں 14 اگست کی تقریبات میں بھرپورعوامی شمولیت کی حکمت عملی طے کرلی گئی ۔یوم آزادی کی تقریبات اور تیاریوں کے حوالے سے حتمی سفارشات تیار کرکے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو ارسال کردی گئیں۔بدھ کو پارٹی چیئرمین عمران خان کی ہدایت کی روشنی میں ملک گیر تقریبات کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔سیکرٹری جنرل تحریک انصاف عمر ایوب نے اجلاس کی صدارت کی۔سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن سمیت دیگر ذمہ داران کی بھی اجلاس میں شرکت کی۔ جاری بیان کے مطابق اجلاس میں 14 اگست کی ملک گیر تقریبات اور سرگرمیوں کے حوالے سے مفصل مشاورت کی گئی ۔بانیان پاکستان خصوصا قائد اعظم اور علامہ محمد اقبال کے تصورات آزادی کو اجاگر کرنے کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی ۔تحریک پاکستان کے روشن پہلوؤں کو نمایاں کرنے کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ عمران خان کی قیادت میں 14 اگست کی تقریبات میں عوام کی بھرپور شمولیت کی حکمت عملی پر غورکیا گیا ۔14 اگست کی تقریبات اور تیاریوں کے حوالے سے حتمی سفارشات تیار کرکے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو ارسال کردی گئیں ان کی منظوری سے آئندہ 48 گھنٹوں میں باضابطہ اعلان کیا جائے گا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں