میری ٹائم ضروریات پوری کرنے کیلئے مربوط بحری صلاحیت ناگزیر ہے،نیول چیف
کراچی (صباح نیوز) چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا ہے کہ میری ٹائم ضروریات پوری کرنے کیلئے مربوط بحری صلاحیت ناگزیر ہے ،پاکستان اور ترکیہ کے مشترکہ منصوبے دفاعی شعبے کو مزید مضبوط کریں گے۔پاکستان بحریہ کے جنگی بحری جہاز پی این ایس طارق کی لانچنگ کراچی شپ یارڈ پر ہوئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف،ترکیہ کے نائب صدر سیودت یلماز سمیت اعلی عسکری قیادت شریک ہوئی۔وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ترکیہ کے نائب صدر کے ہمراہ پی این ایس طارق کی لانچنگ کی۔اس موقع پر چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی این ایس طارق کی لانچنگ پر انجینئرز اور ماہرین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، پی این ایس طارق کی شمولیت بحری صلاحیتوں میں بہترین اضافہ ہے، پاکستان اور ترکیہ کے مشترکہ منصوبے دفاعی شعبے کو مزید مضبوط کریں گے۔ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات منفرد نوعیت کے ہیں، دونوں ممالک نے مشکل وقت میں ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا، کراچی شپ یارڈ پاکستان کا واحد شپ یارڈ ہے جو ملکی وسائل سے بحری جہاز تیار کررہا ہے، میری ٹائم ضروریات پوری کرنے کیلئے مربوط بحری صلاحیت ناگزیر ہے، ملجم کلاس فریگیٹ کی تیاری سے پاکستان ترکیہ دفاعی شعبے میں تعاون مزید مستحکم ہوا ہے۔پی این ایس طارق کو تعمیر کے بعد سمندر میں اتارا گیا ہے ، پی این ایس طارق ملجم (MILGEM) کلاس کارویٹ جنگی جہاز ان چار بحری جہازوں میں سے ایک ہے جو ترکیہ ٹیکنالوجی کی منتقلی کے معاہدے تحت ترکیہ اور پاکستانی انجینئر ز مل کر بنا رہے ہیں۔


