وڈیرہ عبدالخالق موسیانی نے سیاسی و قبائلی رہبری کا فریضہ نبہاکر تاریخ میں ہمیشہ کے لیئے امر ہوگئے، میر اسرار زہری
خضدار: بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) کے مرکزی سربراہ سابق وفاقی وزیر میر اسرار اللہ خان زہری، صوبائی وزیر زراعت بلوچستان میراسد اللہ بلوچ، سابق صوبائی وزیر داخلہ میر ظفر اللہ خان زہری نے وڈیرہ عبدالخالق موسیانی کی ناگہانی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وڈیرہ عبدالخالق موسیانی ایک سلجھے ہوئے سیاسی و قبائلی رہنماء تھے جس نے ہمیشہ نامساعد حالات و کٹھن صورتحال اور جفاکشی میں سیاسی و قبائلی رہبری کا فریضہ نبہایا اور رہنمائی کی۔ وہ ایک ہمدرد انسان تھے۔ جس نے ہار جیت کی پرواہ کیئے بغیر آگے بڑھنے کو مقصد جان کر منزل تک پہنچنے کے جستجو میں رہے۔ وڈیرہ عبدالخالق موسیانی کی علاقائی، سیاسی و قبائلی خدمات تاریخ کا حصہ ہیں اور یہ ناقابل فراموش رہیں گی۔ وڈیرہ عبدالخالق موسیانی علاقے کے عوام پر مہربان اور ان کے خیر خواہ تھے جس نے قبائلی تنازعات کے خاتمہ اور ناراض قبائلی کو قریب کرنا ان کا سب سے زیادہ خوبصورت امتیاز تھا، اپنے اور پرایا سب کے لیئے یکساں انداز میں شفقت رکھتے تھے۔ ان کے انتقال سے جھالاوان کے لوگ ایک اہم شخصیت سے محروم ہوگئے ہیں۔ ان کی کمی کو مدتوں یاد رکھا جائیگا۔ اللہ تعالیٰ سے دعاء ہے کہ وڈیرہ عبدالخالق موسیانی کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور پسماندگان کو صبر جمیل کی توفیق نصیب عطاء فرمائے۔ آمین