مودی حکومت نے آرٹیکل 370 کا خاتمہ کرکے کشمیریوں کے حق پر شب خون مارا ،شیری رحمان
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ چار سال پہلے آج کے دن مودی حکومت نے بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 کا خاتمہ کرکے کشمیریوں کے حق پر شب خون مارا اور استحصال اور بربریت کی نئی تاریخ رقم کی۔ آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد مودی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کا سب سے بڑا جیل بنایا ہوا ہے جہاں بغاوت کے ڈر سے بھارتی افواج کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر ابھی تک مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔ان خیالات کااظہار شیری رحمان نے ہفتہ کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ شیری رحمان کا کہنا تھا کہ مودی حکومت کے فیصلے کی مخالفت کرنے والے سینکڑوں کشمیری رہنما تاحال بھارتی جیلوں میں قید ہیں۔ دوسری جانب پاکستانی تاریخ کی نااہل ترین حکومت کے سربراہ سابق وزیر اعظم عمران خان اپنے گزشتہ مذمتی بیانات کی تصاویر شیئر کر رہے ہیں تاہم 5 اگست کے سیاہ دن کو تاریخ میں پی ٹی آئی کی لیگیسی کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے بھارت کے خلاف مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ لڑنے کے بجائے ہر جمعہ کو 2 منٹ کی خاموشی کا اعلان کیا۔ ان کی نااہلی اور کشمیر دشمنی کو کسی بھی صورت پر معاف نہیں کیا جائے گا۔


