پیمرا(ترمیمی)بل 2023 پر مشاورتی عمل جاری،مختلف آرا کا آنا خوش آئند ہے، مریم اورنگزیب

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پیمرا(ترمیمی)بل 2023پر مشاورتی عمل جاری ہے جس پر مختلف آرا کا آنا قدرتی بات اور خوش آئند ہے اور جاری رہے گی ۔اس کی حمایت یا مخالفت سے قطع نظر یہ بات کسی بھی شک وشبہ سے بالا تر ہے کہ حامد میر میڈیا کے اس قابل فخر اور دلیر قبیلے میں شامل ممتاز شخصیات میں سے ایک ہیں جن کی زبان، ضمیر اور قلم ہمیشہ جبر، ظلم اور سینسرشپ کے خلاف ڈھال بنا رہا، صحافی ہی نہیں اہل سیاست کی بھی وہ آواز بنے جس کی قیمت گولیوں، کالم اور پروگرام کی بندش کی صورت انہوں نے ادا کی۔ان خیالات کااظہار مریم اورنگزیب نے اتوارکے روزٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ہو یا حکومت، اصول پسند، صاف گو صحافی اور ایک بھائی کے طورپر میں نے ہمیشہ انہیں انتہائی عزت واحترام دیا ہے اور اِن شاء اللہ، یہ تعلق اسی طرح برقرار رہے گا۔ میں یہ واضح کرنا چاہتی ہوں کہ پیمرا(ترمیمی)بل2023پر وسیع مشاورت کا آغاز ہمارے سوچے سمجھے ارادے سے ہوا تھا تاکہ تمام فریقین کی آراسامنے آئیں اور ہم ایک ایسا بہترین، جامع اور سب کے حقوق کا محافظ قانون تیار کریں جس میں نہ کسی کی حق تلفی ہو اور نہ ہی پیمرا اور اس قانون کو میڈیا کی زباں بندی یا بازو مروڑنے کے لئے استعمال کیاجاسکے۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی آرا میں اس معاملے کو میرے اور حامد بھائی کے درمیان ایک ذاتی تنازعہ بنا کر پیش کرنے کی کوشش ہورہی ہے جو درست نہیں۔ تنقید کا میں نے ہمیشہ خندہ پیشانی سے سامنا کیا ہے، اس سے رہنمائی لی ہے اور اصلاح کی ہے لیکن پھر بھی اس تاثر کی وجہ سے اگر دل آزاری ہوئی ہو تو میں اپنے بھائی حامد میر سے معذرت خواہ ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں