گڈ اوربیڈکرپٹ کے ڈرامے بندکرکے حقیقی احتساب، قوم کا مطالبہ ہے، جماعت اسلامی

راولپنڈی(صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطار ق سلیم نے کہاہے کہ ملک تباہی کے دھانے پرپہنچ گیا لیکن اسٹیبلشمنٹ ا ب بھی سبق سیکھنے کوتیارنہیں ،گڈاوربیڈکرپٹ کے ڈرامے بندکرکے شفاف احتساب قوم کا مطالبہ ہے کرپشن کی سینکڑوں داستانیں مرتب کرنے والوں کواقامہ اورتوشہ خانہ جیسے کیسوں کے ذریعے ریلیف دے کرمزیدتواناکیا جاتا ہے ،سیاستدان کرسی کے لیے اپنی غیرت کا سودانہ کریں ۔اپنے مہروں کو فریزکرکے حسب ضرورت استعمال کرنے کا کھیل اب بھی جاری ہے ۔اسلام نے جوحقوق خواتین کودئیے وہ انھیں محفوظ اور توانابناتے ہیں ۔ ان خیالات کااظہارانھوں نے اپنے حلقہ انتخاب پی پی29میں منعقدہ خواتین کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ویمن ونگ کی سربرا ہ دردانہ صدیقی،صوبائی ناظمہ ثمینہ احسان،امیرضلع چوہدری انصرمحموددھول ایڈووکیٹ سمیت دیگرذمہ داران نے بھی اظہارخیال کیا ،خواتین کی بڑی تعداد اس موقع پر کنونشن میں شریک ہوئی اورالیکشن 2023کی مہم میں حصہ بننے کا عزم کیا ۔ڈاکٹرطار ق سلیم نے کہاکہ ملکی ترقی میں خواتین کاانتہائی اہم کردارہے اسلام پابندیاں نہیں لگاتا بلکہ جتنی آزادی دین اسلام نے عورت کودی مغرب اس کاتصوربھی نہیں کرسکتا بے حیائی کا نام آزادی نہیں بلکہ زندگی کے ہرمعاملے میں خواتین کوشریک رکھ کربااختیاربنانا آزادی ہے ،مغربی معاشرے میں عورت کوایک کھلونا سمجھا جاتا ہے وہاں باپ اور بھائی سے بیٹی اور بہن کی عزت محفوظ نہیں خاندانی نظام نہ ہونے کی وجہ سے مغربی معاشرہ زمین بوس ہورہا ہے ،عالمی استعماراپنے گماشتوں کے ذریعے پاکستان میں بھی ایسی تباہی لاناچاہتا ہے الیکٹرانک میڈیا تعمیرکی بجائے تخریب کے ایجنڈے پرہے شراب سمیت دیگرخرافات ڈراموں کی صورت نوجوان نسل اورخواتین کے ذہنوں میں انڈیلی جارہی ہے جماعت اسلامی اس ایجنڈے کی تکمیل میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے اورہم چاہتے ہیں کہ پاکستان میں اسلامی اقدارپروان چڑھیں خاندانی نظام مضبوط ہوجس میں مردوخواتین اور بچوں کا تحفظ ہے ۔ انھوں نے کہاکہ غربت کی چکی میں پسے عوام کا خون نچوڑ کرحکمرانوں ،وزرائ،افسرشاہی ،جرنیلوں ،ججوں کولاکھوں اور کروڑوں کی تنخواہوں کے علاوہ مفت بجلی ،مفت پٹرول ،گاڑیوں کے کانوائے جیساظلم اب مزید جاری نہیں رہ سکتا قوم کواس نظا م کے خلاف بغاوت کرکے ووٹ کی پرچی کے ذریعے انتقام لینا ہوگا ،جماعت اسلامی مظلوم پسے ہوئے طبقات کی امیدہے ۔ ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ شفاف اور آزادانہ الیکشن سیاسی اور معاشی بحران کا حل ہے اگراسٹیبلشمنٹ ،عدلیہ ،الیکشن کمیشن عام انتخابات کے دوران غیرجانبدارنہ ہوئے توبحران سے ملک مزید تباہی کا شکارہوگا ۔مسلم لیگ ن ، پیپلزپارٹی ،تحریک انصاف کو عوام پر مسلط کرنے والے ہوش کے ناخن لیں اور عوام کوآزادانہ طریقے سے اپنے دیانتدارحکمرانوں کے انتخاب کا موقع دیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں