وزیراعظم سے یوسف رضا گیلانی، علی موسی گیلانی اور ایم کیو ایم کے وفد کی الگ الگ ملاقاتیں
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سابق وزیرِ اعظم و سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی اور رکن قومی اسمبلی علی موسی گیلانی نے ملاقات کی۔ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی ۔ملاقات میں یوسف رضا گیلانی نے وزیرِ اعظم کو ملک کے مشکل وقت میں شاندار قیادت فراہم کرنے اور ملکی معاشی صورتحال کی بہتری پر خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع ہر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا پاکستان پیپلز پارٹی نے حکومت کے ہر فیصلے میں ساتھ دیا جس کابے حد مشکور ہوں،اتحادیوں کے تعاون کے بغیر حکومت ملکی معیشت کی بحالی کا مشکل کام کبھی اکیلے نہیں کر سکتی تھی۔دوسری ملاقات میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے کنوینر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں متحدہ قومی موومنٹ کے وفد نے ملاقات کی، وفد میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، ڈاکٹر فاروق ستار، وفاقی وزیر برائے آئی ٹی سید امین الحق اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری موجود تھے ۔ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی مشاورت ہوئی ،وفد نے وزیراعظم کو سندھ بالخصوص کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ وفد نے ساتویں ڈیجیٹل مردم شماری میں ان کے تحفظات دور کرنے اور مردم شماری سے متعلق ان کی تجاویز کی شمولیت پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے ساتویں ڈیجیٹل مردم شماری خیریت سے مکمل ہو گئی، اور نتائج کی منظوری تمام سیاسی جماعتوں کی اتفاق رائے سے ہوئی۔ملاقات میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق اور وفاقی وزیر برائے پاور انجینئیر خرم دستگیر بھی موجود تھے۔


