پی ٹی آئی کا میڈیا سیل جھوٹ پہ مبنی فرضی کہانی پھیلا رہا ہے، احسن اقبال

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی وخصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے میڈیا سیل نے کچھ عرصہ پہلے ایک فرضی کہانی پھیلانا شروع کی جس میں کہا گیا کہ دسمبر 1996 میں دو امریکی پاکستانی بل گیٹس کے نمائندہ بنکر پاکستان میں مائیکروسوفٹ کا ادارہ بنانے کی پیشکش لائے اور میں نے انہیں گھاس نہیں ڈالی اور کہا بل گیٹس کون ہے؟ جب میں نے نشان دہی کی کہ دسمبر 96 میں تو معراج خالد صاحب کی نگران حکومت تھی تو اس جھوٹی کہانی سے تاریخ غائب کر کے پھر پھیلانا شروع کر دیا گیا۔ یہ جھوٹ پہ مبنی فرضی کہانی پی ٹی آئی کی جھوٹ فیکٹری کا ثبوت ہے جس کا خمیازہ آج وہ بھگت رہی ہے۔ان خیالات کااظہار احسن اقبال نے بدھ کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ جس شخص نے ملک میں آرٹیفیشل اینٹیلیجنس، سائیبر سیکورٹی، اوٹومیشن اینڈ روبوٹیکس، بگ ڈیٹا اینڈ کلاڈ کمپیوٹنگ، قوانٹم کمپیوٹنگ اور نینو ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں نیشنل سینٹرز قائم کروائے ہوں وہ بل گیٹس اور مائیکروسافٹ سے نابلد ہو گا ایک لطیفہ تو ہو سکتا ہے مگر حقیقت سے اسکا کوئی تعلق نہیں ہو سکتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں