ماضی میں نوجوانوں کی ترقی کی طرف کوئی خاص توجہ نہ دی گئی، شہبازشریف

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم میاں محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی 60 فیصد سے زائد آبادی جو نوجوانوں پر مشتمل ہے،ان کو عالمی یومِ نوجوانان (International Youth Day)بہت بہت مبارک ہو۔پاکستان کو جہاں رب کریم نے بے شمار قدرتی وسائل سے نوازا ہے وہیں ہماری نوجوان افرای قوت ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔بد قسمتی سے ماضی میں نوجوانوں کی ترقی کی طرف کوئی خاص توجہ نہ دی گئی مگر اللہ کے فضل و کرم سے جب جب عوام نے مجھے اپنے اعتماد سے اپنی خدمت کی ذمہ داری سونپی، میں نے اپنی تمام تر توانائیاں اس کوشش میں صرف کیں۔ان خیالات کااظہار وزیر اعظم شہبازشریف نے ہفتہ کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔وزیر اعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ 15 ماہ میں ہی میں نے نوجوانوں کیلئے بین الاقوامی معیار کی تعلیمی سہولیات، عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ پیشہ ورانہ تربیت، لاتعداد وظائف، اینڈامنٹ فنڈز، کھیلوں کی سہولیات، لیپ ٹاپس اور آسان قرض فراہم کئے۔ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں، یہ ہمارے ملک کے معمار ہیں۔نوجوانوں کی ترقی و خوشحالی پاکستان کی ترقی کی ضامن ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں