نگراں وزیراعلیٰ کا فیصلہ پارلیمانی کمیٹی نہ کرسکی تو معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس جائیگا، اسپیکر بلوچستان اسمبلی
کوئٹہ (یو این اے) اسپیکر بلوچستان اسمبلی جان محمد جمالی نے کہا ہے کہ آئین کی شق 224 کے تحت وزیراعلیٰ اور قائد حزب اختلاف کی جانب سے تین دن کی آئینی مدت میں اتفاق رائے پیدا نہ ہونے کی صورت میں نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان کے تقرر کا معاملہ اب پارلیمانی کمیٹی کے پاس چلا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اب تحلیل شدہ اسمبلی کے حکومتی اور اپوزیشن بنچوں کے تین تین ارکان پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے گی جس کے لیے جماعتوں سے نام طلب کر لیے گئے ہیں۔ یہ کمیٹی وزیراعلیٰ اور قائد حزب اختلاف کی جانب سے تجویز کردہ دو دو ناموں پر غور کرے گی۔ اگر تین دن کے اندر کسی نام پر متفق نہ ہوئے تو معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس چلا جائے گا جو 48 گھنٹوں میں کمیٹی کی جانب سے تجویز کردہ دو دو ناموں میں کسی ایک کا انتخاب کرے گا۔
Load/Hide Comments


