حب کینال میں شگاف پڑنے سے کئی علاقوں میں پانی کی سپلائی متاثر

کراچی(صباح نیوز)حب کینال میں شگاف پڑنے سے کراچی کو 100 ملین گیلن کی فراہمی معطل کردی گئی، کئی علاقوں میں پانی کی سپلائی متاثر ہو گئی ۔سی ای او واٹر کارپوریشن کے مطابق حب کینال میں پڑنے والے شگاف کو پر کرنے کا کام شروع کر دیا گیا ۔ حب کینال میں پشتے کمزور ہونے کی وجہ سے شگاف پڑا۔ چیف انجینئر نے کہا کہ مرمتی کام مکمل ہونے اور کینال کو فعال کرنے میں 48 گھنٹے کا وقت لگے گا۔ اس حوالے سے ترجمان واٹر بورڈ نے بتایا کہ پانی کی عدم فراہمی سے نارتھ کراچی اور نارتھ ناظم آباد کے علاقے متاثر ہیں۔ فیڈرل بی ایریا، ناظم آباد اور لیاقت آباد کے علاقے میں بھی پانی کی سپلائی متاثر ہے۔ترجمان نے کہا کہ ضلع غربی میں سرجانی ٹائون، اورنگی ٹائون، بلدیہ ٹائون کے علاقے متاثر ہو رہے ہیں۔ اسی طرح ضلع کیماڑی کے کچھ علاقوں کو بھی پانی کی فراہمی متاثر ہو رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں