پاکستان کو لوٹنے والے کرپٹ سیاستدانوں، ججز، جرنیلوں کی مراعات ختم کی جائیں، جماعت اسلامی بلوچستان

کوئٹہ (یو این اے) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی کال پر پیٹرول، ڈیزل قیمتوں میں اضافہ اور بدترین مہنگائی کیخلاف جماعت اسلامی کوئٹہ کا کوئٹہ پریس کلب کے سامنے امیر جماعت اسلامی کوئٹہ حافظ نورعلی کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ۔ مظاہرین نے سابقہ و موجودہ حکومتوں، آئی ایم ایف اور لٹیروں کیخلاف بھرپور نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے مہنگائی کیخلاف کتبے بھی اٹھا رکھے تھے۔ احتجاجی مظاہرے سے جماعت اسلامی بلوچستان کے نائب امیر مولانا عبدالکبیر شاکر، امیر جماعت اسلامی کوئٹہ حافظ نورعلی، پروفیسر سلطا ن محمد کاکڑ، حافظ عبدالمنان ہاشمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کی لوٹ مار، معیشت آئی ایم ایف کے حوالے کرنے، پیٹرول، ڈیزل قیمتوں میں بدترین اضافہ اور مہنگائی کی وجہ سے عوام خودسوزی و خودکشی پر مجبور ہیں، حکمرانوں کے کتے اور ان کے جانور بھی عام عوام سے اچھی خوراک کھاتے ہیں، حکمرانوں کے پالتو جانور بھی عام عوام سے بہتر زندگی گزار رہے ہیں، حکمرانوں کی کسی مراعات مفادات، تنخواہوں، مفت پیٹرول، مفت گھر، میڈیکل الاﺅنس ودیگر مراعات میں کوئی کمی نہیں آئی بلکہ اس میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ عوام کو قربانی کیلئے پیش کیا جاتاہے۔ جماعت اسلامی ان مظالم کیخلاف ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی، عوام ووٹ کی طاقت سے ان لٹیروں اور ان کے ساتھیوں کو مسترد کردیں گے۔ حکمرانوں نے پیٹرولیم مصنوعات، ادویات، خوردنی اشیاءکی قیمتوں میں بدترین اضافہ کرکے عوام کی مشکلات، پریشانیوں میں اضافہ اور زندگی مشکل بنا دی۔ مہنگائی برپا کرنے میں پی ڈی ایم، پی ٹی آئی، مذہب و قومیت کے نام پر سیاست کرنے والے سب مفاد پرست ساتھ ہیں۔ جماعت اسلامی ان لٹیروں کیخلاف ہر فورم پر ہر وقت آواز بلند کرتی رہے گی۔ مہنگائی اور اشیائے صرف کی قیمتوں میں اضافہ صرف غریب عوام کیلئے ہے، حکمران، مراعات یافتہ طبقے اور ملٹری وسول اسٹیبلشمنٹ پر مہنگائی قیمتوں میں اضافے کا کوئی فرق نہیں پڑتا۔ جج، جرنیلز، لٹیرے سیاستدانوں، اسٹیبلشمنٹ نے ملک کے وسائل کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ لیا۔ اس موقع پر مقررین نے حکومت، آرمڈ فورسزکے تمام آفیسرز، جوڈیشری کے تمام جسٹس، ججز، پولیس اور سول بیورو کریسی کے آفیسرز، صدر، وزیراعظم، وزرائے اعلیٰ، وزراءکے قافلوں، مشیروں، لاڈلوں کی مفت گاڑیاں، گارڈز، فری بجلی، گیس، پیٹرول، نوکر چاکر، مفت کی ہر سہولت ومراعات ختم کرنے اور عوام کو ریلیف دینے کا مطالبہ کردیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں