سپریم کورٹ آرمی ایکٹ میں ترمیم کا معاملہ اڑا کر رکھ دے گی، اعتزازاحسن
اسلام آباد (صباح نیوز)سینئر قانون دان اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ آرمی ایکٹ میں ترمیم غلط ہے، سپریم کورٹ اس معاملے کو اڑا کر رکھ دے گی۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی ٹویٹ سے متعلق اظہار خیال کیا۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ حکومت خود مان چکی ہے کہ بل پر صدر مملکت نے دستخط نہیں کئے۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ بل پر صدر مملکت کے دستخط ضروری ہوتے ہیں، آرمی ایکٹ میں ترمیم غلط ہے، سپریم کورٹ آرمی ایکٹ میں ترمیم کا معاملہ اڑا کر رکھ دے گی۔سینئر قانون دان نے کہا کہ یہ ترمیم بے اثر ہے، جو مراحل تھے وہ پورے ہی نہیں کئے گئے۔ سپیکر کا کام تھا کہ فوراً بلاتا، اب دونوں ایوان ہی موجود نہیں ۔ دوسری طرف ماہرِ قانون اظہر صدیق نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آرمی ایکٹ میں ترمیم جاتی ہوئی حکومت کی بدنیتی تھی۔ نگران وزیر قانون نے جو پریس کانفرنس کی وہ ثابت کرتا ہے کہ وہ معاملے میں ملوث ہے۔انہوں نے کہا کہ پریس کانفرنس میں نگران حکومت نے جلدی کی۔ صر ف ایک جماعت کو کچلنے کیلئے سب کچھ کیا جارہا ہے جو واضح ہے۔


