عام انتخابات کا انعقاد، مشاورت کیلئے الیکشن کمیشن کے تمام بڑی سیاسی جماعتوں سے رابطے
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ملک میں آئندہ عام انتخابات کے انعقاد کے سلسلہ میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں سے مشاورت کا آغاز کر دیا۔ بڑی سیاسی جماعتوں کی قیادت کو مشاورت کے لیے دعوت نامے بھجوا دیے گئے ، الیکشن کمیشن نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ، مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف، پی پی پی پارلیمینٹرینز کے سربراہ آصف زرداری اور جے یو آئی (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان کو خط لکھے ہیں۔انتخابات کے شیڈول اور تاریخ سے متعلق شہباز شریف کوکل 25 اگست کو مدعو کیا گیا، الیکشن کمیشن نے عمران خان اور مولانا فضل الرحمن کو مشاورت کے لیے آج (جمعرات کو) بلا لیا ہے ۔ آصف زرداری کو مشاورت کے لیے 29 اگست کو بلایا ہے۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن سیاسی جماعتوں کے سربراہان سے آئندہ الیکشن کے روڈ میپ پر مشاورت کرے گا۔چیئرمین تحریک انصاف کو 2 بجے مولانا فضل الرحمن کو 3 بجے دن الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں ملاقات کی دعوت دی گئی ہے۔شہباز شریف کو 25 اگست کو دن 11 بجے ملاقات کے لیے مدعو کیا گیا، آصف زرداری کو 29 اگست کو سہہ پہر تین بجے ملاقات کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔


