برطانیہ کے تاجر پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے اقدامات کرے، صادق سنجرانی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ برطانیہ کے تاجروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں، سرمایہ کاروں کا اعتماد معیشت کے استحکام میں مدد گار ثابت ہوگا،کاروباری و معاشی روابط عوام کو مزید قریب لانے میں مدد گار ثابت ہونگے۔برطانیہ میں مقیم پاکستانی دونوں ملکوں کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کررہے ہیں۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے برطانیہ میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی۔چیئرمین سینیٹ نے ڈاکٹر فیصل کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔اانہوں نے ڈاکٹر فیصل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ امید ہے بطور پاکستانی ہائی کمشنر پاکستان اور برطانیہ کے دو طرفہ تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔چیئرمین سینیٹ نے ڈاکٹر فیصل کو ماحولیات، تجارت، آئی ٹی، تعلیم کے شعبوں میں برطانیہ کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے ہدایات دیں۔چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے،امید ہے نئے ہائی کمشنراپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں گے۔


