وندر شہر میں اتائی ڈاکٹروں کی بھرمار، غریب و سادہ لوح لوگوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے لگے
وندر(یو این اے )وندر شہر میں ناتجربہ کار عطائی ڈاکٹروں کی بھرمار قومی شاہراہ سمیت وندر کے اہم مقامات اور گلی محلوں میں دکانیں کرایے پر لے کر پریکٹس شروع کردی، عطائی ڈاکٹرز غریب و سادہ لوح لوگوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے لگے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت و ڈرگ انسپکٹر کی چشم پوشی قومی شاہراہ سمیت وندر کے اہم مقامات اور گلی محلوں میں ناتجربہ کار عطائی ڈاکٹروں نے دکانیں کرایے پر لے کر بنا کسی روک ٹوک کے پریکٹس شروع کردی ہے۔ اس وقت وندر میں غریب و سادہ لوح لوگوں کو لوٹنے کا کاروبار دھڑلے سے جاری ہے۔ متعلقہ اداروں کی اپنے فرائض سے غفلت و لاپرواہی کے باعث غریب و سادہ لوح لوگوں کو لوٹنے کے بعد وندر شہر کے چپے چپے میں ناتجربہ کار عطائی ڈاکٹروں نے اپنے پنجے گاڑھ کر ڈیرے جما لیے ہیں۔ متعلقہ اداروں کی مبینہ ملی بھگت سے خودساختہ ڈاکٹروں کو کھلی چھٹی دے دی گئی ہے جو کہ غریب اور سادہ لوگ لوگوں کی مجبوریوں کا ناجائز فائدہ اٹھا کر مہنگی اور دو نمبر ادویات کے فروخت کرنے کا بھی انکشاف کیا گیا ہے۔ دور دراز سے آنے والے مریض جو کراچی کی بڑی ہسپتالوں میں جانے کی سکت نہیں رکھتے وندر کے ناتجربہ کار عطائی ڈاکٹرز ان کی زندگیوں کے ساتھ کھیل کر پریکٹس شروع کردیتے ہیں۔ صبح سے شام تک جب ان ناتجربہ کار عطائی ڈاکٹروں کا اچھا خاصہ دھندا چل جاتا ہے تو کئی لوٹ مار کرنے والے ناتجربہ کار عطائی ڈاکٹرز مغرب کے بعد کرایے پر لی گئی دکانیں جو کلینکس کے نام پر چل رہی ہیں کو بند کرکے چلے جاتے ہیں۔ وندر کے سیاسی سماجی و عوامی حلقوں نے ان ناتجربہ کار عطائی ڈاکٹروں کی بھرمار پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وندر شہر اور گلی محلوں میں بڑی تعداد میں ناتجربہ کار عطائی ڈاکٹروں نے دکانیں کرایے پر لیکر کلینکس کھول رکھی ہیں ان کے خلاف کارروائیاں عمل میں نا لانا تشویشناک امر ہے۔ عوامی حلقوں نے محکمہ صحت ڈرگ انسپکٹر کے اعلی حکام ضلعی انتظامیہ کے ڈپٹی کمشنر حب، اسسٹنٹ کمشنر وندر، چیئرمین میونسپل وندر و دیگر متعلقہ اداروں سے پرزور مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وندر شہر قومی شاہراہ گردونواح اور گلی محلوں میں خودساختہ ناتجربہ کار عطائی ڈاکٹروں کے خلاف موثر کارروائیاں عمل میں لاکر غریب و سادہ لوح لوگوں کو عطائی ڈاکٹروں کی لوٹ مار سے فوری بچایا جائے۔


