انتخابات سے فرار کا راستہ ریاست اور سیاست کیلئے تباہ کن ہو گا،جماعت اسلامی
ملتان،رحیم یار خان ،لیہ(صباح نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی ،مجلس قائمہ سیاسی انتخابی قومی امور لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ انتخابات سے فرار کا راستہ ریاست اور سیاست کے لئے تباہ کن ہو گا،بروقت ، صاف شفاف اورغیرجانبدارانہ انتخابات ہی بحرانوں کا حل ہے۔لیاقت بلوچ نے رحیم یار خان ، لیہ ، مظفرگڑھ میں عوامی جلسوں ، ملتان میں سیاسی انتخابی مرکزی مشاورتی اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئین ، سیاست ، جمہوریت ، انتخابات پر بے یقینی اور خطرات کے سیاہ بادل چھائے ہیں ، انتخابات سے فرار کا راستہ ریاست اور سیاست کے لئے تباہ کن ہو گا۔ آئین اور انتخابی جمہوری اقدار پر عملدرآمد سے ہی پاکستان میں ا ستحکام اور 25 کروڑ عوام میں اعتماد پیداہو گا۔ نگران حکومتوں ، الیکشن کمیشن آف پاکستان اور اسٹیبلشمنٹ کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ابہام ، تاخیری حربوں کی بجائے آئین کی پاسداری کی جائے اور آئینی مدت میں انتخابات کرادیئے جائیں۔ انہوںنے کہا کہ بروقت ، صاف شفاف اورغیرجانبدارانہ انتخابات ہی بحرانوں کا حل ہے،سیاسی اور ریاستی سطح پر انتخاب سے انکار بڑی تباہی کا پیش خیمہ ہو گا۔لیاقت بلوچ نے بہاولپور،بہاولنگر ، خانیوال ، وہاڑی ، لودھراں اور ملتان سے قومی وصوبائی اسمبلی کے لئے جماعت اسلامی کے ترازو نشان کے امیدواران کی حلقوں میں انتخابی سرگرمیوں کے جائزہ اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم اور پی پی پی نے اپنے دور حکومت میں انتظامی اور اقتصادی سطح پر نااہلی ناکامی اور کرپشن کے ریکارڈ قائم کئے ۔اب ان میں ہمت اور سکت نہیں کہ عوام کا سامنا کر سکیں۔ پی پی پی اور مسلم لیگ باہم ٹکرا ئوکا نیا ٹوپی ڈرامہ کر رہی ہیں ۔ عوام اتحادی حکومت کی ناکامیوں کی وجہ سے مسلم لیگ اور پی پی پی سے مکمل مایوس ہوچکے ہیں۔ اب کوئی ڈرامے باز ازمائے ہوئے ناکارہ مہروں کو دوبارہ اِن نہیں ہونے دینگے۔ نگران حکومتیں اپنی اصلی ذمہ داری نظر انداز کر کے شفاف اور غیرجانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کی طرف متوجہ نہیں۔ نگران حکومتیں اگر آئینی ذمہ داری پوری نہیں کریں گی تو غیر آئینی کردار پر آرٹیکل 6 کی حق دار ہونگی۔ جماعت اسلامی عوام کے جمہوری حقوق کی حفاظت کی جنگ پورے ملک میں لڑے گی۔


