حرمزئی پشین میں شر پسند عناصر کی جانب سے زرعی فارم کو تباہ کرنا قابل مذمت عمل ہے، پشتونخوا میپ

کوئٹہ، کراچی (آن لائن) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری نذیر جان خان ، سندھ کے صوبائی صدر سلیم خان ترین ، صوبائی سیکرٹری صابرین چغرزئی اور صوبائی ایگزیکٹوز کے تمام اراکین نے اپنے مشترکہ بیان میں پشتونخواملی عوامی پارٹی سندھ کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری سید ضیاءالدین آغا کے والد محترم آغا صاحب کی پشین تحصیل حرمزئی میں اُن کے چار بڑے زرعی فارم کو شرپسند عناصر کے ہاتھوں جلانے ، تباہ وبرباد کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملکی پرنٹ والیکٹرونک اور سوشل میڈیا پر واقعہ سامنے آنے اور ایف آئی آر درج ہونے کے باوجود مسلح شرپسند بھتہ خور عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں نہیں لائی جارہی اور نہ ہی اب تک کسی کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ آغا صاحب کا خاندان کاروبار، تجارت ،زراعت کے شعبوں سے منسلک اور شریف ومعزز لوگ ہیں اور علاقے میں عوام کے فلاح وبہبود اور ان کے ترقی وخوشحالی کیلئے ہمیشہ ہر موقع پر ان کے ساتھ تعاون کرتے رہے ہیں ۔ زرعی فارمز کو جلانے جیسے واقعات آغا صاحب کے خاندان کو پشتون قومی تحریک اورقومی اہداف کے حصول کیلئے سیاست کرنے کی سزا دی جاری ہے اور انہیں دستبردار کرنے کی سازش ہے ۔ بیان میں مرکزی وصوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ واقعہ کے ذمہ داروں کو فی الفور گرفتار کیاجائے اور آغا خاندان کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے اور صوبے بالخصوص پشتون اضلاع میں اغواءکاری ، بھتہ خوری ، قتل وغارت گری کا خاتمہ کرکے سماج دشمن ، جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کی جائے اور امن وامان کے قیام کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں