افسران کی بجلی چوری میں ملوث ہونے کی خبر میں صداقت نہیں، کیسکو ترجمان
کوئٹہ (این این آئی) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کے ترجمان نے کوئٹہ کے مقامی اخبار میں شائع ہونے والی ”افسران کی بجلی چوری میں ملوث“ کے عنوان سے خبرکی سختی سے تردید کرتے ہوئے اسے حقائق کے منافی اور بے بنیاد قراردیاہے۔ترجما ن نے کہاکہ پورے ملک کی تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں میں انتظامی بنیادوں پر تبادلے ہوئے ہیں اور کیسکومیں جو تبادلے ہوئے ہیں وہ بھی اس کاحصہ ہیں۔ ترجما ن نے مزیدوضاحت کرتے ہوئے کہاکہ کسی کے خلاف کوئی محکمانہ کارروائی نہیں ہورہی ہے اور نہ ہی 29افسروں کا تبادلہ دوسرے علاقوں میں ہواہے۔ ترجما ن نے کہاکہ بجلی کی چوری کو روکنے اور اسے موثر بنانے کی غرض سے تمام افسران کا صوبہ کے مختلف علاقوں میں تبادلہ کیاگیاہے جوکہ صرف اور صرف انتظامی امورمیں بہتری اور مہم کو تیز کرنے کے لئے کیاگیاہے۔کیسکوترجمان نے کہاکہ ایسی غیر ذمہ دارانہ خبر ادارہ کی ساکھ کومتاثر کرنے کی مذموم کوشش ہے چونکہ ِاس خبر کاحقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے لہٰذا کیسکواس غلط اورمن گھڑت خبر کی ایک مرتبہ پھر سختی سے تردید کرتی ہے جبکہ متعلقہ روزنامہ کے خلاف غیر ذمہ دارانہ پرکیسکوقانونی کارروائی کاحق محفوظ رکھتی ہے۔ترجما ن نے مزید کہاکہ ایسی خبروں کی اشاعت سے قبل متعلقہ شعبہ سے مکمل معلومات حاصل کرلینی چاہئیں تاکہ بعدمیں کسی قسم کی پشیمانی اور ابہام سے بچاجاسکے۔


