کچھی میں ڈی ای او آفس کی خستہ حالی، اسکولوں میں سہولیات ناپید، عوامی حلقوں کی تشویش
بولان (نامہ نگار) اسکول بند، فنڈ ہضم، ڈی ای او آفس خستہ حال پڑا ہے۔ کچھی میں محکمہ تعلیم کا ڈی ای او آفس پچھلے کئی سال سے خستہ حالی کے باعث کھنڈر میں تبدیل ہوچکا ہے، دفتری امور چلانے والے کلرک سے لیکر چپڑاسی تک کھنڈر میں اپنا کام سرانجام دینے پر مجبور ہیں، محکمے کی تعمیر ومرمت کا آنے والا فنڈ کاغذی کارروائی میں مکمل جبکہ محکمہ زبوں حالی سے کھنڈر میں تبدیل ہوچکا ہے۔ 2019ءسے موجودہ ڈی ای او اور ڈی او ای نے ضلعی دفتر اور اسکولوں کی خستہ حالی اور کھنڈر ہونے کے باوجود تعمیرات کے لیے فنڈ استعمال میں نہیں لایا گیا۔ محکمہ تعلیم کی خوبصورت اسکولز بلڈنگز صرف شو پیس، تمام بنیادی سہولیات غائب اور کھنڈر کا منظر پیش کررہی ہیں، پینے کا صاف پانی، بجلی اور واش روم جیسی سہولیات نہ ہونے سے ماں باپ نے اپنے بچوں کو اسکول جانے سے روک دیا ہے۔ ضلع کچھی کے بچوں، بچیوں کی تعلیم کا خواب ریزہ ریزہ ہوچکا ہے۔ اس حوالے سے والدین، سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں نے چیف جسٹس بلوچستان سے اپیل کی ہے کہ ضلع کچھی میں تعلیمی پسماندگی کے ذمہ داروں کیخلاف نوٹس لے کر کارروائی کرکے ہمارے بچوں اور بچیوں کو تعلیم کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔


