چین میں 19ویں ایشین گیمز کا آغاز، افتتاحی تقریب میں چینی صدر کی شرکت

بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) چین کے شہر ہینگزو میں 19ویں ایشین گیمز کا آغاز ہوگیا اور افتتاحی تقریب میں اسٹیڈیم رنگ و نور میں نہاگیا۔ ایشین گیمز کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب چین کے شہر ہینگزو میں ہوئی۔ تقریب کے آغاز میں چینی پرچم بلند کیا گیا اور اس موقع پر چین کے صدر شی جن پنگ بھی موجود تھے۔ پھر ٹیموں کے دستوں کے آمد شروع ہوئی، سب سے پہلے افغانستان کا دستہ ارینا پہنچا جبکہ پاکستانی دستے کی قیادت شوٹر جی ایم بشیر نے کی۔ پاکستان ایشین گیمز کے 23 کھیلوں میں شرکت کرےگا، 53 خواتین اور 137 مرد ایتھلیٹس ایونٹ میں حصہ لیں گے۔ افتتاحی تقریب میں چینی فنکاروں نے اپنے فن کا زبردست مظاہرہ کیا، اسٹیڈیم میں موجود ہزاروں شائقین نے بہترین پرفارمنس پر داد دی۔ مشعل جلانے کا منفرد انداز میں مظاہرہ کیا گیا جس کے بعد 19ویں ایشین گیمز کا باقاعدِہ آغاز ہوا، ایشین گیمز چین کے شہر ہینگزو میں آٹھ اکتوبر تک جاری رہیں گے۔