اوتھل کے قریب جیپ اور موٹر سائیکل میں تصادم، 2 افراد جاں بحق، ایک زخمی
حب (انتخاب نیوز) اوتھل کے قریب کوئٹہ کراچی مین قومی شاہراہ پرشیخ گولائی کے قریب جیب اور موٹرسائیکل میں تصادم،موٹر سائیکل پر سوار دو افراد جاں بحق ایک زخمی ہوگیا،حادثہ ہوتے ہی جیپ میں آگ بھڑک اٹھی۔تفصیلات کیمطابق کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ اوتھل کے قریب شیخ گولائی کے مقام پر جیپ اور موٹرسائیکل میں خوفناک تصادم ہوا جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل پر سوار تین افراد میں سے دو موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا،جیپ اور موٹرسائیکل میں تصادم کے بعد جیپ میں آگ بھڑک اٹھی ،آگ کی اطلاع ملتے ہی میونسپل کمیٹی اوتھل کی فائر بریگیڈ اور عملہ موقع پر پہنچ گیا اور آگ پر فوری قابو پالیا گیا۔جبکہ شدید زخمی شخص اور نعشوں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال اوتھل منتقل کیا گیا،حادثے کی اطلاع پر چیئرمین میونسپل کمیٹی اوتھل سید سومار شاہ کاظمی۔چیف آفیسر اوتھل حاجی محمد خان دودا،ایدھی انچارج ڈاکٹر عبدالحکیم لاسی، ایس ایچ او اوتھل جان محمد جاموٹ موقع پر پہنچ گئے اور قومی شاہراہ کو فوری طور پر ٹریفک کیلئے بحال کروایا دیا،جبکہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے ایک شخص کی شناخت شیوا ولد رئمل سکنہ ٹنڈو اللہ یار سندھ کے نام سے ہوئی جبکہ ایک نعش کہ شناخت نہ ہوسکی،زخمی شخص کینو ولد منوں قوم بھیل ساکن ٹنڈو اللہ یار سندھ کی حالت بھی تشویشناک بتائی جاتی ہے جسے کراچی منتقل کردیا گیا۔


