دکی، لیڈی اتائی ڈاکٹروں اور میڈیکل اسٹوروں پر چھاپے، متعدد فرار، 8 اسٹوروں کا سامان ضبط
دکی (آن لائن) اسسٹنٹ کمشنر ظہور احمد بلوچ نے اتائی ڈاکٹروں کے کلینک اور میڈیکل سٹوروں پر اچانک چھاپے مارے۔ چھاپے گرلز ہائی اسکول کے قریب کجھوری روڈ اور مسجد روڈ میں اتائی لیڈی ڈاکٹروں کے کلینک اور میڈیکل اسٹوروں پر مارے گئے۔ کارروائی کے دوران 14میڈیکل اسٹوروں اور کلینک پر چھاپے مارے گئے جن میں سے8 اتائی ڈاکٹروں کے میڈیکل اسٹور اور میڈیکل کلینک سیل کرکے سامان قبضے میں لے لیا گیا۔ سیل کیے گئے کلینکس اور میڈیکل اسٹوروں میں اکثر لیڈی اتائی ڈاکٹروں کے تھے ۔ اسسٹنٹ کمشنر دکی ظہور احمد بلوچ نے بتایا کہ اکثر ڈاکٹرز بغیر کسی ڈپلومے یا کوالیفیکیشن کے کلینک کیساتھ ساتھ الٹراساونڈ بھی استعمال کر رہی ہیں۔ متعدد لیڈی ڈاکٹرز کلینکس کو تالے لگا کر روپوش ہوگئے جبکہ چند ایسے بھی کلینکس کا انکشاف ہوا جہاں جہاں مریضوں کو کلینک کے اندر ڈریپ لگا کر ڈاکٹر باہر سے تالا لگا کر فرار ہوگئے ۔انہوں نے کہا کہ ڈینٹل کلینکس اور فزیشن کلینکس سمیت بلڈ لیبارٹریز اور میڈیکل سٹورز بھی سیل کرکے بند کرائے گئے۔ اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق ڈاکٹرز مریضوں پر ظلم کے پہاڑ گرا رہے ہیں ایک ایک مریض کو ہزاروں روپے کے ادویات دیکر ظلم کررہے ہیں. عطائی ڈاکٹر دو نمبر ادویات لکھ کر الٹراساونڈ اور چیک اپ کی مد میں بیش بہا فیس وصول کی جارہی ہیں .انہوں نے کہا کہ عطائی ڈاکٹرز اور میڈیکل سٹوروں کیخلاف مزید بھی کاروائی جاری رہے گی۔


