وڈھ میں جنگی صورتحال، 4 ماہ سے بازار، اسکول، اسپتال بند، لوگ نان شبینہ کے محتاج، نقل مکانی پر مجبور

وڈھ (انتخاب نیوز) وڈھ میں جاری کشیدگی کے باعث بازار ویران، وڈھ میں گزشتہ 4 ماہ سے کرفیوں کا سماءہے، لوگ نان شبینہ کے محتاج ہوگئے ہیں۔ گزشتہ 45 دنوں سے وڈھ میں لگاتار شدید جھڑپوں کے باعث بازار، تعلیمی ادارے بھی بند ہیں، جبکہ اسپتالوں میں بھی لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ بازار کی بندش کے باعث علاقے میں لوگوں کے پاس گھر کا راشن بھی ختم ہوگیا ہے اور لوگ ایک نوالے کو ترس رہے ہیں۔ دوسری جانب دہائی داڑ طبقے کے گھروں میں فاقہ کشی کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ تعلیمی ادارے بند ہونے کے باعث طلبا کا تعلیمی سال بھی ضائع ہورہا ہے۔ اسپتال بند ہونے سے مریض تکلیف سے دو چار جبکہ اسپتال میں ادویات بھی ناپید ہوگئی ہیں۔ بینک بند ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے، سرکاری لوگ بھی بے بس ہوگئے ہیں۔ وڈھ میں جاری کشیدہ صورتحال کے باعث آدھی سے زائد آبادی مجبوراً نقل مکانی کرچکی اور دیگر علاقوں میں پناہ گزینوں کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ ذرائع کے مطابق دو طرفہ شدید جنگ کی وجہ سے اب تک 7 افراد سے بھی زیادہ لوگ جاں بحق جبکہ درجن سے زیادہ لوگ زخمی ہیں، جن میں بچے اور بوڑھے بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ جنگ کے دوران مرکزی شاہراہ سے گزرتے ہوئے 100 سے زائد مسافر گاڑیوں کو اندھی گولی لگنے سے جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ بازار میں، پہاڑوں پر، روڈ کے اوپر، زرعی زمینوں پر، گھروں کے اوپر مسلح چوکیاں قائم ہیں، جس کی وجہ سے پورے شہر میں خوف کا ماحول ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں