ماہرہ خان کا عروسی لباس کتنے لاکھ کا ہے؟
گزشتہ روز ماہرہ خان کی شادی کی مختصر تقریب مری کے نجی ہوٹل میں ہوئی۔رپورٹس کے مطابق 2 روز قبل شروع ہونے والی اداکارہ کی شادی کی تقریبات کے لیے ہوٹل کے 200 کمروں کو 6 دن کیلئے بُک کیا گیا۔
ڈیزائنر فراز منان کی ترجمان نے تصدیق کی کہ ماہرہ خان نے اس خاص دن کے لیے ان کے تیار کردہ جوڑے کا انتخاب کیا جس کی قیمت واضح طور پر ظاہر نہ کرتے ہوئے انہوں نے اتنا بتانے پر اکتفا کیا کہ ہمارے کسٹمائزڈ برائیڈل ڈریسز کی قیمت 35 لاکھ روپے سے شروع ہوتی ہے۔ڈیزائنر فراز منان کی ترجمان کی بات سے واضح ہوتا ہےکہ ماہرہ خان کے عروسی جوڑے کی قیمت بھی 35 لاکھ روپے یا اس سے زیادہ ہوگی۔شادی کی اس پُروقار تقریب کے لیے اداکارہ نے میک اپ آرٹسٹ بابر ظہیر کا انتخاب کیا جب کہ سوشل میڈیا ذرائع کے مطابق دُلہے میاں سلیم کریم نے یوسف بشیر قریشی (وائی کیو بی) اسٹوڈیو کے لباس کو منتخب کیا۔خیال رہے کہ گزشتہ سال ماہرہ خان نے ثمینہ پیرزادہ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے سلیم کریم سے تعلقات کی تصدیق کی تھی۔ماہرہ خان سے ایک سوال یہ بھی کیا گیا آپ کو محبت ہوگئی ہے؟ اس کے جواب میں مسکراتے ہوئے کہا تھا کہ ہاں شاید مجھے محبت ہوگئی ہے لیکن میں اتنی آسانی سے اس حوالے سے بات نہیں کر سکتی کیوں کہ میں بہت شرمیلی ہوں۔