سانحہ مستونگ میں زیادہ اموات کی ذمے دار شیخ زائد اسپتال انتظامیہ ہے، نیشنل پارٹی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان کے کہا ہے کہ سانحہ مستونگ کے موقع پر شیخ زائد اسپتال کوئٹہ کی کارکردگی انتہائی قابل مذمت رہی۔ ہر قسم کی جدید مشینری، درجن سے زائد سرجن اور آٹھ جدید ترین آپریشن تھیٹر ہونے کے باوجود ایک مریض کو نہیں رکھا گیا، تمام مریضوں کو درد کے انجکشن لگاکر ٹراما سنٹر ریفر کردیا گیا جو محکمہ صحت اور اسپتال انتظامیہ کے نااہلی کا ثبوت ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ اس اسپتال میں پانچ نیورو سرجن تعینات ہیں اور ایک نیورو فزیشن سمیت تین جنرل سرجن دو آرتھوپیڈک سرجن ہیں، آرکوسکوپک نیوروسرجری جیسے جدید سرجری کی مشینری بھی موجود ہے، اس کے باوجود نااہل انتظامیہ نے کسی ایک مریض کا ایمرجنسی آپریشن شیخ زائد اسپتال میں نہیں کیا۔ ان کی اس لاپروائی، غیر ذمہ داری اور غفلت کے باعث درجنوں مریض موت کے منہ میں چلے گئے، جس کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطحی جوڈیشل کمیشن قائم کرکے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے۔ پارٹی ترجمان نے واضح کیا کہ سانحہ مستونگ کے آدھے گھنٹے کے اندر سو سے زائد زخمی شیخ زائد اسپتال پہنچے مگر ان کو ایمرجنسی ٹریٹمنٹ بھی نہیں دی گئی اور نکال دیا گیا، جو اس شعبہ کے ساتھ ایک ناانصافی اور اس انتظامیہ کے منہ پر طمانچہ ہے۔ پارٹی ترجمان نے مطالبہ کیا کہ چیف ایگڑیکٹو شیخ زائد اسپتال سمیت تمام ذمہ دار ڈاکٹرز کو معطل کرکے ان کیخلاف جوڈیشل کمیشن بناکر انہیں قرار واقعی سزا دی جائے اور شیخ زائد اسپتال کو انڈس اسپتال کے حوالے کیا جائے تاکہ بلوچستان کے عوام اس جدید اسپتال اور مشینری سے استفادہ کرسکیں۔


