افغان مہاجرین کی آڑ میں ہزارہ قوم سمیت دیگر کمیونٹیز کو تنگ نہ کیا جائے، نیشنل پارٹی
کوئٹہ (آن لائن) نیشنل پارٹی کے رہنماءڈاکٹر رمضان ہزارہ، اسحاق چنگیزی، عیوض علی ہزارہ، شبیر حسین ہزارہ اور دیگر نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ افغان مہاجرین کی آڑ میں ہزارہ قوم سمت دیگر لوکل کمیونٹیز کو تنگ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے ہزارہ قوم نے ہمیشہ قربانیاں دی ہے اور ملک کیلئے خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور ملک اور صوبے کی تعمیر و ترقی کیلئے پیش پیش رہے ہیں جو کسی سے بھی ڈھکی چھپی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہزارہ تارکین وطن، یورپ، آسٹریلیا اور دیگر ممالک سے ماہانہ اربوں روپے زرمبادلہ کے مد میں پاکستان بھیجتے ہیں۔ حکومت کی طرف سے غیر قانونی افغان مہاجرین کے انخلا کے حوالے سے، پارٹی کے رہنماں کا کہنا ہے کہ پوری دنیا میں مہاجرین موجود ہے جوکہ ایک خاص بین الاقوامی قانون اور انسان حقوق کے اصولوں کے تحت زندگی بسر کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان بھی بین الاقوامی اور اقوام متحدہ کے قانون اور بنیادی انسانی حقوق کے اصولوں کو مد نظر رکھتے ہوئے مہاجرین سے ڈیل کریں۔ انسانی عظمت و احترام اور وقار کو مد نظر رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شنید میں آ رہا ہے کہ پولیس افغان مہاجرین کے نام پر سادہ لوح عوام تنگ کر کے ان سے رشوت طلب کرتے ہیں جو کہ قابل مذمت ہے، نیشنل پارٹی ایسے ناروا اقدام کی ہر گز اجازت نہیں دیتی۔ انہوں نے کہا کہ مہاجرت ایک عالمی اور انسانی مسئلہ ہے اسے انسانی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔


