شہبازشریف کا وفاقی حکومت کے قرض میں ہوشربا اضافے پر اظہارتشویش
لندن، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے وفاقی حکومت کے قرض میں ہوشربا اضافے پر اظہارتشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں مالی (فسکل) سال کے صرف 7 ماہ میں وفاقی حکومت کے قرض میں 1.210 ٹریلین سے 32.997 ٹریلین کا اضافہ معاشی قیامت ہے،موجودہ حکومت کا معاشی تباہی کا ایجنڈا ملک وقوم کے لئے خوفناک پیغام ہے،طویل اور قلیل المدتی ڈومیسٹک قرض میں 10 فیصد اضافہ معاشی تباہی اور بربادی کا اعلان ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا قلیل المدتی غیرملکی قرض 126.9 ارب سے 641.9 ارب پر پہنچنا غلط معاشی حکمت عملی کا ثبوت ہے،حکومت دو دھاری تلوار سے پاکستان کی معیشت کی شہہ رگ کاٹ رہی ہے،سود کی انتہائی زیادہ شرح سے کاروباری پہیہ رْک چکا ہے تو دوسری جانب پاکستان پر ادائیگیوں کا بوجھ دن بدن بڑھ رہا ہے ، اس صورتحال میں صرف اللہ تعالی سے رحم کی دعا ہی کی جاسکتی ہے، سٹاک مارکیٹ کا ایک دن میں 6 فیصد سے زیادہ گرنے کا مطلب نہ سمجھا گیا تو ناقابل تلافی نقصان ہوگا،کورونا وائرس، عالمی معاشی صورتحال اور پاکستان کے اندر سوئی حکومت ملک کے لئے معاشی تباہی کا سونامی لائے گی۔انہوں نے کہا معاشی جہاز آٹو پائلٹ پر ہچکولے کھارہا ہے، کسی بھی وقت گرگیا تو کچھ نہیں بچے گا،حالات کی سنگینی پر ہوش کے ناخن لینے کے بجائے حکومت آٹا، چینی، پٹرول، دوائی اور ڈالر پر پیسہ کمانے میں مصروف ہے،حکمرانوں کی معیشت دن بدن بہتر اور ملک وقوم کی معیشت ہر روز تباہ وبرباد ہورہی ہے، معیشت کے لئے بڑھتے خطرات پاکستان کی سلامتی کے لئے خطرہ ہیں۔