انخلا کے حکم پر اقوام متحدہ کا ردعمل شرمناک ہے، اسرائیلی سفیر
نیویارک(صباح نیوز)اسرائیل نے اقوام متحدہ کو ایک جواب جاری کرتے ہوئے اپنے انخلا کے حکم کا دفاع کیا ہے اور کہا ہے کہ بین الاقوامی ادارے کا بیان شرمناک ہے۔اقوام متحدہ میں اسرائیل کے سفیر گیلاڈ ایردان نے کہا کہ اسرائیل غزہ کے رہائشیوں کو قبل از وقت انتباہ دے رہا ہے اور حماس کے خلاف فوجی کارروائی میں شامل نہ ہونے والوں کو کم سے کم نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کئی سالوں سے اقوام متحدہ نے حماس کو مسلح کرنے اور غزہ کی پٹی میں شہری آبادی اور سویلین انفراسٹرکچر کو اپنے ہتھیاروں اور قتل و غارت گری کے لیے چھپنے کی جگہ کے طور پر استعمال کرنے پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں، اب اسرائیل کے ساتھ کھڑے ہونے کے بجائے، جس کے شہریوں کو حماس کے دہشت گردوں نے قتل کیا تھا۔یہ الٹا اسرائیل کو نصیحت کر رہا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے لیے بہتر ہے کہ وہ یرغمالیوں کی واپسی، حماس کی مذمت اور اسرائیل کے اپنے دفاع کے حق کی حمایت پر توجہ دے۔


